• news

پاکستان امہ کے درمیان اتحاد چاہتا ہے، طاہر اشرفی، نمائندہ خصوصی مشرق وسطی بھی مقرر

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان نے چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ مقرر کیا ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کے نئے منصب کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کر دیا گیا۔ اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ  پاکستان مسلم امہ کے درمیان وحدت اور اتحاد چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب اسلامی ممالک میں پچاس لاکھ کے قریب پاکستانی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اور اسلامی اور عرب ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے وزیر اعظم پاکستان نے انہیں جو ذمہ داری سونپی ہے وہ اسے پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی اولین ترجیح عرب اسلامی ممالک میں رہنے و الے پاکستانیوں کے مسائل کا حل‘ عرب اور اسلامی دنیا سے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بہت جلد سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے اہم ممالک کے ذمہ داران سے رابطہ کریں گے اور پاکستان اور عرب اسلامی دنیا کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سعودی عرب ایف اے ٹی ایف (فیٹف)  پر پاکستان کے ساتھ ہے، جمعہ کو ایف اے ٹی ایف کا معاملہ اجلاس میں پیش ہو گا۔ انہوں نے سختی کے ساتھ ان افواہوں کی تردید کی کہ سعودی عرب نے ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر پاکستان کی مخالفت کی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن