• news

بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کے بلوچ طلبہ پیدل لاہور پہنچے‘ اسمبلی کے سامنے دھرنا

ملتان (نوائے وقت رپورٹ) بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں زیرِ تعلیم بلوچستان کے طلبہ احتجاج کرتے ہوئے پیدل لاہور پہنچ گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ معاشی مسئلہ بنا کر انہیں یونیورسٹی سے نکالنے کے بہانے بنائے گئے۔ طلبہ نے لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کی خواتین رہنماؤں عظمیٰ بخاری، شائستہ پرویز ملک اور کرن ڈار نے ان سے اظہار یکجہتی کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بزدار شراب لائسنس کے اجراء میں تو بہت پھرتی دکھاتے ہیں، طلبہ ملتان سے پیدل لاہور پہنچ گئے لیکن ان کے کان پر جْوں تک نہیں رینگی۔ اس موقع پر ایم این اے شائستہ پرویز ملک کا کہنا تھا کہ تعلیم کا قتل ہوا ہے، اس ظلم کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ بلوچ طلبہ نے بتایا کہ ان کا کوٹہ اور سکالر شپس ختم کر دی گئیں، ملتان میں 40 دن تک احتجاج کیا مگر کسی نے بات نہ سنی، مجبوراً لاہور آکر دھرنا دیا۔ بلوچ طلبہ کا کہنا تھا کہ مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن