فیصل آباد: ڈاکوئوں کی فائرنگ سے قوال شیر میاں داد بیٹے سمیت زخمی
لاہور+ فیصل آباد (کلچرل رپورٹر+نامہ نگار+ آن لائن) فیصل آباد کے علاقہ مدینہ ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قوال شیر میاں داد اور ان کا بیٹا زخمی ہوگئے۔ ڈاکو شیر میاں داد سے موبائل فون اور 2لاکھ روپے نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔ شیر میانداد کو لاہور کے نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ شیر میانداد کے ترجمان قیصر ندیم گڈو کے مطابق شیر میانداد کی حالت اب بہتر ہے تاہم ڈاکٹروں نے ملاقاتوں سے منع کیا ہے۔ فیصل آباد کے نواحی علاقہ گٹ والا میں ایک عرس کی تقریب میں شیر میانداد قوالی کرنے کے بعد اپنی کار پر پاکپتن واپس جا رہے تھے کہ تھانہ مدینہ ٹاؤن کے علاقہ چک 204 کے قریب موٹر سائیکل سوار چادر پوش دو مسلح ڈاکوؤں نے گاڑی رکوائی۔ ڈاکو مبینہ طور پر دو لاکھ روپے چھین کر لے گئے۔ مزاحمت پر مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ فائر شیر میانداد کے دل کے قریب لگا‘ جبکہ ساتھ شیر میانداد کا بیٹا عبید اﷲ بھی تھا‘ وہ بھی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔ واقعے کا وزیراعلیٰ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ اور ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم دیا ہے۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔آئی جی پنجاب انعام غنی نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم دیا۔