سکیورٹی خدشات : پی ڈی ایم کوئٹہ کا جلسہ ملتوی کر دے‘ ترجمان بلوچستان حکومت
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سے سکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ کا جلسہ ملتوی کرنے کی اپیل کر دی۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو میں لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سکیورٹی سے متعلق معاملات کو حکومت سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے ماضی میں بھی بلوچستان میں دہشت گردوں کی جانب سے سیاسی قیادت کو نشانہ بنایا جاتا رہا سکیورٹی خدشات کے بعد حکومت کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ انہیں سکیورٹی خدشات پر ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے 25 اکتوبر کا جلسہ ملتوی کر دینا چاہئے ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی قیادت پہلے ہی دوبار جلسہ ملتوی کر چکی ہے ہمیں جلسے کے حوالے سے کوئی اعتراض نہیں ہے آئندہ جب بھی جلسے ہوں گے ہم ہر طرح سے سہولت فراہم کریں گے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز قمر دین کاریز میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنایا گیا بلوچستان میں امن و امان کی صوتحال کی وجہ سے ماضی میں خوف کا عالم رہا ہے۔