• news

افغانستان: حملہ، 20اہلکار ہلاک، 6لاپتہ، نجی تعمیراتی فرم کے 7ملازم اغوا

کابل+زرنج (شنہوائ+نیٹ نیوز) افغانستان میں فوجی چیک پوسٹ پر طالبان کے حملے میں20 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے 6 فوجیوں کو یرغمال بنالیا گیا جبکہ صوبہ بلخ میں نجی تعمیراتی فرم کے 7ملازمین کو اغوا کر لیاگیا۔ افغان میڈیا کے مطابق صوبے نمروز کے ضلع خاشرود میں فورسز کی چوکی کو طالبان نے نشانہ بنایا۔ ضلعی گورنر خاشرود جلیل احمد وطن دوست نے کہا کہ فوجی چیک پوسٹ پر درجن بھر موٹر سائیکل سوار طالبان جنگجوؤں نے حملہ کیا اور6 اہلکاروں کویرغمال بنالیا اور جاتے ہوئے افغان فوج کا اسلحہ اور گاڑی بھی لے گئے۔ جبکہ افغان فوج کے ترجمان نے بھی جوابی کارروائی میں طالبان جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ ادھر بلخ شہری ترقیاتی ڈائریکٹر عبدالباسط عینی نے بتایا کہ جمعہ کے روز صوبہ بلخ کے ضلع نہر شاہی میں ایک نجی تعمیراتی فرم کے 7 ملازمین کو اغوا کیا گیاجس کا الزام طالبان پر عائد کیا گیا۔ طالبان نے اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔عینی نے بتایا کہ یہ ملازمین ضلع نہر شاہی کے علاقے لنگر خان کے علاقے میں ڈیوٹی پر تھے جب انہیں اغوا کرلیا گیا۔ بلخ پولیس نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن