• news

 فضل الرحمان غلط فہمی میں جی رہے ہیں  ان کے بغیر ریاست مکمل نہیں،علی زیدی

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان غلط فہمی میں جی رہے ہیں کہ ان کے بغیر ریاست مکمل نہیں، بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم اتحاد سے متعلق جو کہا وہ مذاق کے سوا کچھ نہیں ،بلاول بھٹو اور مریم نواز کو تجربہ نہیں اور تقاریر کرنے آجاتے ہیں اور یہ جو مطالبات کرتے ہیں کرتے رہے ہمارا کچھ نہیں جاتا۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزار قائد کی بے حرمتی کی گئی اور میں مزار قائد کی بے حرمتی کا مقدمہ درج کرنا چاہتا تھا۔ اسلام آباد جانے سے پہلے معلوم ہوا کہ مقدمہ درج ہو گیا جس کو میں نے سراہا اور کہا کہ اب قانونی کارروائی کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس کے اختیارات میرے پاس نہیں ہیں جبکہ گذشتہ روز کابینہ کا اجلاس تھا اور ہم سب مصروف تھے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز نے 2گھنٹے ہی کام کیا ہو تو بتا دیں، بلاول بھٹو اور مریم نواز کو تجربہ نہیں اور تقاریر کرنے آجاتے ہیں اور یہ جو مطالبات کرتے ہیں کرتے رہے ہمارا کچھ نہیں جاتا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ سے میرے اچھے تعلقات ہیں، انسانی قوانین سزا اور جزا پر قائم ہوتے ہیں جبکہ اپنے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے پیپلز پارٹی اور ن لیگ متحد ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)نے کبھی مزار قائد کی بے حرمتی نہیں کی جبکہ 5اسٹار ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑنے والی باتیں بے بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ اصل مقصد سے ہٹ کر دونوں جماعتوں نے غلط بیانیوں سے کام لیا اور مولانا فضل الرحمان اس غلط فہمی میں جی رہے ہیں کہ ان کے بغیرریاست مکمل نہیں، ان جماعتوں نے ملک کو تباہ کیا۔علی زیدی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم اتحاد سے متعلق جو کہا وہ مذاق کے سوا کچھ نہیں کیونکہ ماضی میں دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف سخت جملوں کا تبادلہ کرتے تھے اور نواز شریف نے ماضی میں بے نظیر کے خلاف جو باتیں کیں وہ ریکارڈ کاحصہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن