• news

عوام اٹھ کھڑے ہوئے تو حکمرانوں کو پناہ گاہوں میں جگہ نہیں ملے گی: امیر جماعت اسلامی 

 لاہور/ منڈی بہائو الدین ( خصوصی نامہ نگار/ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام اٹھ کھڑے ہوئے تو حکمرانوں کو پناہ گاہوں میں پناہ اور لنگر خانوں سے لنگر نہیں ملے گا۔ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ گھبرانا نہیں مگر ان کا اپنا چہرہ مرجھایا ہوا ہے۔آئین اور قانون کی پامالی کو حکمرانوں نے وطیرہ بنا رکھا ہے۔ جہاں آئی جی کو اغواء کرلیا جائے وہاں عام آدمی کے تحفظ کی کیا ضمانت دی جاسکتی ہے۔ آئی جی کو اغواء کیا گیا تھا تو انہیں ایف آئی آر درج کرانی چاہئے تھی۔بہو بیٹیوں اور بہنوں کے ساتھ اس طرح کے واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے مگر یہ ظلم تو مسلم لیگ ن ،پیپلز پارٹی اور مشرف دور میں بھی ہوتا رہا ،قو م کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو اٹھا کر امریکہ کے حوالے کردیا گیا۔اس نظام میں غریب کیلئے پریشانیوں اوردکھوں کے علاوہ کچھ نہیں۔پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیا۔جماعت اسلامی نوجوانوں کی امیدوں کا محور ہے۔ہم نوجوانوں کو ایوانوں میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاؤالدین میں جے آئی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے صوبائی امیر ڈاکٹر طارق سلیم ، جے آئی یوتھ کے صدر زبیر گوندل اور صوبائی صدر جے آئی یوتھ اویس اسلم مرزا نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ہزاروں نوجوانوں نے جے آئی یوتھ میں شمولیت کا اعلان کیا۔سینیٹر سراج الحق نے جے آئی یوتھ میں شامل ہونے والے نوجوانوں کوجماعت اسلامی کے پرچم والے مفلر پہنائے اور ان کیلئے استقامت کی دعا کی۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے نااہلی اور ناکامی کے سارے سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرکے دوسال میں35لاکھ سے زیادہ لوگوں سے روز گارچھین لیا گیا ہے۔دال اور سبزی بھی لوگوں کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہے۔آٹے اور چینی کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہوگئی ہیں ، غریب کا چولہا بجھ چکا ہے اور وزیر اعظم ملکی ترقی اور خوشحالی کے دعوے کررہے ہیں۔عوام سبز باغ دکھانے والوں کو دن میں تارے دکھانے کیلئے بے تاب ہیں۔ نوجوان ملک میں اسلامی انقلاب کاہراول دستہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور اسکالرز سڑک پر مطالبے کررہے ہیں عمران خان وزیر اعظم نہیں تھے تو پاکستان کھیلوں کے میدان کا چیمپئن تھا اب اس حکومت کو چلے جانا چاہیے ایک طرف پی ٹی آئی کی نالائق اور نااہل حکومت ہے اور دوسری طرف حکومت مخالف جماعتوں نے اتحاد بنایا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن