گوجرانوالہ:مبینہ پولیس مقابلہ، ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک،2فرار
گوجرانوالہ+نوشہرہ ورکاں (نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت)تھانہ کوٹ لدھا کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلہ ساتھیو ں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 2 ملزم فرار ہو گئے، ملزم قتل ڈکیتی اور دیگر مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹ لدھا کے علاقہ میں 3 ڈاکو شہری سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے، اطلاع ملنے پر پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا ناکہ بندی پر2 موٹر سائیکلوں پر 3مشکوک افراد کو روکا تو ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ سے ملزموں نے دوڑ لگا دی کچھ ہی فاصلے پر ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جس کی شناخت عنصر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ دیگر ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کرتے فرارہو گئے۔ ڈی ایس پی نوشہرہ ورکاں ہاشم گجر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت عنصر مصلی کے نام سے ہوئی ہے جوکہ بین الاضلاعی عنصرڈکیت گینگ کا سرغنہ تھا ہلاک ہونے والا ڈاکو عنصر مصلی قتل،ڈکیتی کے دوران قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، اغوا برائے تاوان اور منشیات فروشی کے درجنوں مقدمات میں ملوث تھا اور عرصہ دراز سے پولیس کو مطلوب تھا۔