• news

عمران کو خیبر پی کے میں حکومت کرتے 7 برس ہوگئے ایک ہسپتال نہیں بنا: بلاول

گانچھے+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) بلاول بھٹو زرداری  نے کہاکہ گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر رہیں گے۔گانچھے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا  کہ سب سے زیادہ تعلیمی ادارے اور ہسپتال پیپلزپارٹی نے بنائے۔ عمران خان کو خیبرپی کے  میں حکومت کرتے ہوئے 7 سال ہو گئے لیکن وہاں ایک نیا ہسپتال نہیں بنا۔ مزدور، کسان سب سراپا احتجاج ہیں، ہمیں گلگت بلتستان کو عمران خان سے بچانا ہے، ہمیں آپ کے بچوں کا مستقبل بچانا ہے۔ ہم گلگت بلتستان کو آئینی صوبہ بنا کر رہیں گے اور یہاں کے عوام کو ان کے حقوق دلوائیں گے۔پی ٹی آئی ہر الیکشن میں ایک نیا جھوٹ لیکر آتی ہے۔ اب پی ٹی آئی عبوری صوبے کا لالی پاپ لیکر آئی ہے۔ ہر وعدے پر یوٹرن یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے۔ گلگت بلتستان میں سلیکٹڈ  راج نہیں آنے دیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں احتجاج پر بیٹھے بلوچستان کے طلبہ کے معاملے پر بیان میں کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو تعلیم کے لیے چھوٹی موٹی مراعات سے بھی محروم کرنا ذہنی پسماندگی کی عکاس ہے۔ ایک صوبے کے طلبہ کا دوسرے صوبوں میں تعلیم حاصل کرنا ثقافتی تبادلے کا باعث بنتا ہے۔ ثقافتی تبادلے اور نوجوانوں کے آپس میں گھلنے ملنے سے ہم آہنگی کو فروغ اور نتیجتاً وفاق مضبوط ہوتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن