اپاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں مستقل امن کا خواہاں نہیں ہو سکتا، شاہ محمود
اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی کی کامیابی کا انحصار، معاشی استحکام کے ساتھ وابستہ ہے ، پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے ۔ ہفتہ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں زیر تربیت سول و عسکری افسران سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات اور چیلنجز پر مفصل روشنی ڈالی۔ وزیر خارجہ نے خارجہ پالیسی کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے،وژن ایف او کے تحت اٹھائے گئے اقدامات سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ خارجہ پالیسی کی کامیابی کا انحصار، معاشی استحکام کے ساتھ وابستہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے معاشی روابط کے فروغ کیلئے معاشی سفارت کاری کا آغاز کیا جس کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل سمیت تمام عالمی فورمز پر موثر انداز میں اجاگر کیا ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ، مصالحانہ کاوشیں بروئے کار لا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو عالمی سطح پر پذیرائی مل رہی ہے ۔خطاب کے بعد وزیر خارجہ نے زیر تربیت افسران کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے مفصل اور تسلی بخش جوابات دئیے۔دوسری جانب افغان دیسی جرگہ کے سپیکر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تجارت اور معیشت کے فروغ کیلئے بہت سے مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کرنا چاہیے ،بین الافغان مذاکرات طویل اور پیچیدہ ہو سکتے ہیں، مذاکرات کنندگان صبر و تحمل اور استقامت کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں،افغانستان میں امن عامہ کی صورتحال میں بہتری اور متشدد رویوں میں کمی کیلئے بین الافغان مذاکرات کا نتیجہ خیز ہونا نہایت ضروری ہے ،پاکستان، بین الافغان مذاکرات میں افغان قیادت کی جانب سے کیے گئے فیصلوں کا احترام کریگا،پاکستان سے زیادہ کوئی ملک افغانستان میں دیرپا اور مستقل قیام امن کا خواہاں نہیں ہو سکتا۔ہفتہ کو افغان ولیسی جرگہ کے اسپیکر میر رحمان رحمانی کی قیادت میں افغان پارلیمانی وفد نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ پارلیمانی و ملکی تعلقات باہمی تجارت اور خطے کی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔