کاہنہ: مالک مکان سب انسپکٹر کی فائرنگ، کرایہ دار سب انجینئر واسا جاں بحق
لاہور (نامہ نگار) کاہنہ کے علاقے میں کرائے کے تنازع پر مالک مکان سب انسپکٹر کی فائرنگ کے نتیجے میں 27 سالہ سب انجینئر واسا ہلاک اور اس کا چھوٹا بھائی شدید زخمی ہو گیا۔ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق واسا جوبلی ٹاؤن کے سب انجینئر 27 سالہ ممتازاعظم کاہنہ کے علاقے میں واقع اکائونٹ اینڈ آڈٹ سوسائٹی میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھا۔ گزشتہ روز مالک مکان سب انسپکٹر ملک مجاہد منظور سے مکان خالی کرانے کے تنازعہ پر تلخ کلامی ہو گئی۔ اس دوران سب انسپکٹر مجاہد منظور نے پسٹل سے فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں سب انجنئیر ممتاز اعظم موقع پر جاں بحق جبکہ اس کا بھائی 23 سالہ روحیل اعظم زخمی ہو گیا۔ ملزم سب انسپکٹر موقع سے فرار ہو گیا۔ زخمی روحیل کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس کے مطابق ملزم سب انسپکٹر مجاہد منظور چوہنگ ٹریننگ سنٹر میں تعینات ہے۔