• news

بھارت کا کشمیر پر غیر قانونی قبضہ نا منظور، کشمیری کل یوم سیاہ منائیں گے

سرینگر (این این آئی)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر منگل کو یوم سیاہ کے طورپر منایا جائے گا ۔ اس دن بھارت نے جموںوکشمیر پر قبضہ کیاتھا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ 1947میں اسی دن بھارتی فوجیوں نے کشمیر میں اترکر ہماری سرزمین پر قبضہ کیاتھا۔بیان میں کہاگیا ہے کہ اس دن سے آج تک لاکھوں بھارتی فوجی ہم پر اور ہماری سرزمین پر غیرقانونی طورپر قابض ہیں۔ بیان میںکہاگیا ہے کہ اس دن مکمل یوم سیاہ منایا جائے گا۔بیان میں دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارتی تسلط میں رہنے والے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔دریں اثناغیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے27 اکتوبر کو کشمیر کی تاریخ کا ایک سیاہ باب قرار دیتے ہوئے کنٹرول لائن کے دونوں جانب اوردنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ علاقے پر بھارت کے فوجی قبضے کے خلاف بطور احتجاج اس د ن کویوم سیاہ کے طورپر منائیں۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غیر قانونی قبضے کے تباہ کن اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 ء کو بھارت کی طرف سے کشمیر پر حملہ کھلی جارحیت تھی جس کا کوئی قانونی اور اخلاقی جواز نہیں تھا۔ انہوں نے اسے لاکھوں کشمیریوں کے سیاسی اور جمہوری حقوق پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دن نام نہاد جمہوری ریاست نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق غصب کرکے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی تاریخی مزاحمت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود بہادرکشمیریوں نے بھارتی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا۔

ای پیپر-دی نیشن