• news

پی ڈی ایم بیانیہ ملک دشمنوں کی تائید، لائن کراس ہو تو ریاست کو عملی اقدامات  کرنا ہونگے: شبلی فراز

 اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بھارت، اسرائیل اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ایک ہی تکون کے 3 رخ ہیں، اسی اتحاد کے ایک رہنما اویس نورانی نے جلسے کے سٹیج سے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا۔ کوئی محب وطن  پاکستانی ایسی بات نہیں کر سکتا۔  عدالتی مفرور نے آج  اداروں پر حملہ کیا ہے۔ بنارسی ٹھگوں نے بلوچستان میں پڑاؤ ڈال رکھا ہے۔ یہ بہت بڑا کھیل چل رہا ہے۔ اپوزیشن کے اتحاد (پی ڈی ایم) کے تانے بانے کہیں اور ملتے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج نے بے شمار قربانیاں دیں۔ پاک فوج نے پاکستان کو شام، افغانستان اور عراق نہیں بننے دیا۔ لوگ آتے جاتے رہتے ہیں، ملکی اداروں سے بڑا کوئی نہیں ہے۔ ہم اداروں کو مضبوط کریں گے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ  ہم مفاد پرست اور کرپٹ لیڈروں سے نجات دلانے کے سفر میں گامزن ہیں۔ یہ جمہوریت کی اپنی تشریح کرتے ہیں۔ عمران خان نے پہلے ہی کہہ دیا تھا یہ ایک ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہم دشمنوں کے ایجنڈے کا پرچار کرنے والوں کو عوام کے سامنے ایکسپوز کریں گے۔  وزیر اطلاعات  نے کہا کہ یہ لوگ سوالات  کا جواب دینے کے بجائے اب انقلابی بن گئے ہیں۔ جب ان کی حکومت تب ادارے ٹھیک کام کر رہے ہوتے ہیں۔ جب یہ اقتدار میں نہ ہوں تو ملک کو نقصان پہنچانے کا ہر حربہ استعمال کرتے ہیں۔ پی ڈی ایم کے لوگ دشمنوں کی زبان بول رہے ہیں۔ جب لائن کراس ہو جائے تو ریاست کو عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات اتوار  کو  پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے  کہی۔ شبلی فراز  کہا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ ملک دشمن عناصر کی تائیدکر رہا ہے۔ اویس نورانی نے جلسے کے سٹیج سے آزاد بلوچستان کا نعرہ لگایا جس کی  ہم مذمت کرتے ہیں۔ پی ڈی ایم اگر جلسے میں شان رسالتﷺ پر بات کرتی تو بہتر ہوتا۔ افسوس کی بات ہے جلسے میں اس معاملے پر معمولی بات نہیں کی گئی۔ لوٹی ہوئی دولت بچانے کیلئے کسی کو جمہوریت کی آڑ نہیں لینے دیں گے۔ عمران خان کی سیاست کا محور ملک کو کرپٹ عناصر سے پاک کرنا ہے۔ سابقہ ادوار میں اداروں کو ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا گیا۔  وزیر اطلاعات  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک لوٹنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ ہماری سمت ٹھیک ہے۔ انہوں نے کہا  کہ جلسے میں ایک ایسے شخص نے تقریر کی جسے عدالتیں مفرور قرار دے چکی ہیں۔ آج اس شخص نے پاک فوج کو ٹارگٹ کیا ہے۔ یہ وہی فوج ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔ یہ وہی فوج ہے جس نے ملک کو شام اور عراق بننے سے روکا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سزا یافتہ مریم نواز کو سوالات پوچھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے 4 سال سے ایک سوال کا  بھی جواب نہیں دیا کہ لندن کے فلیٹ خریدنے کے لئے پیسے کہاں سے آئے؟ اور وہ پیسے کیسے پاکستان سے برطانیہ بھیجے؟۔ جب اقتدار میں ہوں تو سب ٹھیک، اقتدار سے جائیں تو ادارے غلط، عدالتوں کے فیصلوں کی تشریح ان کے مطابق نہیں ہو سکتی۔ شبلی فراز نے کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے جلسہ میں ہونے والی باتوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ  جمعیت علماء  پاکستان (نورانی) کے رہنما شاہ اویس نورانی نے 'آزاد بلوچستان' کا بیانیہ پیش کیا  لیکن  پی ڈی ایم جلسے میں شریک کسی بھی جماعت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں کیا جس کا مطلب ہوا کہ وہ بھی بھارت اور اسرائیل کے بیانیے پر کارفرما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں نے مجموعی طور پر 30-40 برس اقتدار سنبھالا لیکن قانون کی بالا دستی کو یقینی نہیں بنایا۔ مریم نواز کے حوالے سے کہا کہ 'وہ کہہ رہی تھیں کہ لندن میں ادارے بہت سخت ہیں' جبکہ 'دونوں پارٹیوں نے اداروں کو اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کیا اس لئے اداروں کو تباہ تو ہونا تھا۔ شبلی فراز نے کہا کہ کوئی بھی ناموس رسالتؐ میں گستاخی کرے گا ہم اس کا نوٹس لیں گے اور قانونی قدم بھی اٹھائیں گے تاکہ کوئی اس کی دوبارہ جرات نہ کر سکے۔  انہوں نے اپوزیشن رہنمائوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  آپ یہ جواب نہیں دے رہے کہ یہ اثاثے کہاں سے بنائے اور باہر کیسے لے کر گئے اس کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے سیاست میں تفریح کا سامان پیدا ہوا ہے ۔ بلاول صاحب اپنے ابو سے پوچھیں  انہوں نے پیپلز پارٹی کو ایک علاقائی جماعت بنا دیا ہے۔ بتائیں آپ کے والد 35 ملین ڈالر اس ملک سے لوٹ کر کیسے باہر لے کر گئے اور پھر استثناٰٰ کے پیچھے چھپے رہے۔ بتائیں سرے  محل کا کیا بنا۔  سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آج عمران خان ایک اشارہ کریں  تو یہ بھاگتے آئینگے ۔ اس حکومت کو پانچ سال پورے کرنے دیں اب ایسی منافقت نہیں چلے گی۔ بلاول بھٹو کے منہ سے عوامی مفاد کی باتیں لطیفہ لگتی ہیں۔ عمران خان پورے ملک کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ سی پیک قومی منصوبہ ہے اسے کسی سیاسی جماعت سے منسلک نہیں کرنا چاہتے۔  دریں اثناء اپنے ٹویٹ میں سینیٹر شبلی فراز  نے کہا ہے کہ (ن) لیگ والے پشیمانی، ندامت اور معافی کے بجائے جشن منا کر ڈھٹائی کا ثبوت دے رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی جانب سے اپنے طور پر اورنج ٹرین منصوبے کے افتتاح پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے  بیان میں شبلی فراز  نے کہا کہ  (ن) لیگ کے نیب زدگان اورنج ٹرین کے خودساختہ افتتاح پر دراصل قومی خزانے کی لوٹ مار اور عوامی وسائل کھانے کا جشن منا رہے ہیں۔  ٹویٹ میں  شبلی فراز نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کا ڈرامہ مریم نواز کا خاندانی قبضہ قائم کرنے کے لئے رچایا جا رہا ہے‘ پارٹی صدر کے جیل جانے کے بعد نائب صدر پوری پارٹی کی ملکہ بن چکی ہیں۔  شبلی فراز نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کا بیان کہ مسلم لیگ (ن)  اور پیپلزپارٹی  باریاں لینے کی جدوجہد میں مصروف ہیں‘  ہمارے موقف کی تائید ہے‘ ہم خیر مقدم کرتے ہیں۔ پی ڈی ایم کا ڈرامہ مریم نواز کا خاندانی قبضہ قائم کرنے  کے لئے رچایا جا رہا ہے۔ پارٹی صدر کے جیل جانے کے بعد نائب صدر پوری  پارٹی کی ملکہ بن چکی ہیں۔  شبلی فراز نے اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم نواز غصے سے بھری ہوئی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ اخلاقی دیوالیہ پن کا شکار اور مفرور قوم کی قیادت کے اہل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کرپٹ ٹولے کے خلاف قوم کو جگایا ہے اور وہ کرپشن کے خلاف جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن