• news

اپوزیشن نے کوئٹہ میں تماشا لگایا، اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے : عثمان بزدار، اورنج لائن ٹرین کا افتتاح

لاہور (نوائے وقت رپورٹ + نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کوئٹہ کے جلسہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے ووٹ کو عزت دو کے نام پر آج کوئٹہ میں تماشا لگایا۔ ایک بیان میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ قومی اداروں کو متنازعہ بنا کر پاکستان کو کمزور کرنے کی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے۔ ادارے ہمارا فخر ہیں اور ہم اداروں کے خلاف ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ پاک فوج پر قوم کو ناز ہے۔ انتشار پھیلانے والے اداروں کو متنازعہ بنانے سے باز رہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اداروں کو نشانہ بنانے والے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ الزامات لگانے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کو شناخت دی ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنے دور میں جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے کھوکھلے نعرے لگائے اور عملی طور پر پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنایا اور اب صوبہ بھی ہم بنائیں گے -انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان کے بارے میں بیان کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ جام کمال قابل احترام وزیر اعلی ہیں ، ایسا بیان دینے والوں کو شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بلوچستان کے طلبہ کا مسئلہ فوری حل کیا۔ ایک خاتون نے اس مسئلے پر بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی -پنجاب حکومت نے بلوچستان میں اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیں -صوبائی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو پی ڈی ایم اے کے نام نہاد لیڈروں نے سبوتاژ کیا۔ یہ نہ کل رہنما تھے ، نہ آج ہیں اور نہ کل ہوں گے بلکہ یہ رہزنوں کا ٹولہ ہے اور قوم ایسے چور ٹولے کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سابقہ دور کے منصوبوں کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچا کر ایک نئی سیاسی روایت قائم کی ہے ، ہم سیاسی تعصب سے بالا تر ہو کر سابقہ حکمرانوں کے چھوڑے ہوئے 1115ارب روپے کے ادھورے منصوبوں پر کام مکمل کر رہے ہیں،عوام کو کم پیسوں میں بہترین سفری سہولتوں کے لئے پنجاب حکومت 15ارب روپے کی سبسڈی ادا کر یگی ، چین کی پاکستان دوست حکومت ،تجارتی اداروں اور کمپنیوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں اور ہم مل کر ترقی کے سفر میں ہم قدم ہوں۔ ہم چین کے دوستوں کا خیرمقدم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیراں گجراں کے مقام پر اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کی عوام اور حکومت کی طرف سے عوامی جمہوریہ چین کا شکریہ ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا کلائمکس چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ ہے جس سے ترقی اور خوشحالی کے نئے باب شروع ہوں گے۔ سی پیک کے تحت اورنج لائن چلنے کو تیار ہے، ماس ٹرانزٹ منصوبہ لاہور کے شہریوں کو سفر کی عالمی معیار کی سہولت فراہم کرے گا اور یہ منصوبہ گرین جی ڈی پی کا محرک بھی ثابت ہوگا ،اس سے اربن ڈویلپمنٹ میں استحکام بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں سی پیک کو کامیابی سے ہمکنار کرانے پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی قربانیوں اورشب و روز کی محنت سے سی پیک کے بہت سے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میںہیں۔ علاوہ ازیں  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سردار عون عباس بپی نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اموراورکمزور طبقات کی فلاح وبہبود کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت ہوئی اور پنجاب کے ہر ضلع میں لنگر خانہ قائم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پناہ گاہوں اورلنگر خانوں کی مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت معاشرے کے کمزور طبقے کی فلاح کو سب سے مقدم سمجھتی ہے۔ بے آسرا اورضرورت مند لوگوں کی مدد ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ پاکستان بیت المال اور پنجاب بیت المال نادار طبقات کی فلاح کیلئے بہترین انداز سے کام کررہے ہیں۔ پاکستان بیت المال کو فلاحی منصوبوں میں ہرممکن انتظامی تعاون فراہم کریں گے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔  وزیراعلی عثمان بزدار نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے اور زخمیوں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اور سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن