بھارت: ٹرین تلے آ کر مرنیوالا بھکاری لکھ پتی نکلا، گھر سے برآمد رقم گننے میں 8 گھنٹے لگے
ممبئی (نوائے وقت رپورٹ) فقیروں سے متعلق عام خیال پایا جاتا ہے کہ ان کے گھروں یا جھونپڑیوں میں عام آدمی کے گھر سے کہیں زیادہ رقم پائی جاتی ہے۔ ممبئی کے ایک ریلوے سٹیشن پر دو روز قبل ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے بھکاری کی موت کے واقعہ نے اس عام خیال کو درست بھی ثابت کیا۔ دو روز قبل ممبئی کے گووندی ریلوے سٹیشن پر ٹرین کی ٹکر سے ایک فقیر ہلاک ہوگیا تھا۔ جب ریلوے پولیس مرنے والے فقیر کے لواحقین کی تلاش میں اس کی جھونپڑی تک پہنچی تو اندر کا ماحول دیکھ کر پولیس کے بھی اوسان خطا ہو گئے۔ درحقیقت ریلوے پولیس کو جھونپڑی میں پیسوں سے بھری بوری اور بیگ ملے۔ برآمد کی گئی بوری اور بیگ میں سکے اور نوٹوں پر مشتمل 2 لاکھ مالیت کی رقم موجود تھی جس کی گنتی کے لیے پولیس کو آٹھ گھنٹے کا وقت لگا۔ یہی نہیں پولیس نے بھکاری کے گھر سے ایک بنک پاس بک بھی برآمد کی جس میں 8 لاکھ 77 ہزار روپے جمع کیے جانے کی بنک رسید بھی موجود تھی۔ بھکاری کی شناخت برادی چند آزاد کے نام سے کی گئی اور بتایا جا رہا ہے کہ آزاد ممبئی کی مقامی ٹرین میں بھیک مانگتے وقت ٹرین سے ٹکرایا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔