پشاور بارش: بابوسر میں سرما کی پہلی برفباری، راستے بند، سیاح پھنس گئے
لاہور، شیخوپورہ، میانوالی (نیٹ نیوز + نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) بابوسر ٹاپ، نانگا پربت، فیری میڈوس اور بٹوگاہ ٹاپ پر موسم سرما کی پہلی اور شدید برفباری کے باعث کئی مقامات پر راستے بند ہو گئے۔ شدید برفباری سے بابوسر ٹاپ پر گلگت بلتستان آنے والی 20 گاڑیاں ٹاپ پر ہی پھنس گئیں جنہیں پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر ریسکیو کرکے نکال لیا اور مسافروں کو قریبی گاؤں منتقل کر دیا۔ بابوسر ٹاپ و ناران شاہراہ شدید برفباری کے باعث بلاک ہے جس کی وجہ سے متعدد گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ پولیس نے تمام تر سیاحوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ موسم دیکھ کر سفر کریں۔ دریں اثناء پشاور اور اس کے گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ اگلے چوبیس گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، کوہاٹ، ہنگو، مردان اور صوابی کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ دریں اثناء بابوسر میں موسم سرما کی پہلی برفتاری سے سردی میں اضافہ ہو گیا۔ برفباری کے باعث بابوسر ناران نیشنل ہائی وے بابوسر کے مقام پر بند ہو گئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق بابو سر گیٹی داس کے مقام پر برف میں پھنسے 5 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شیخوپورہ کے سینئر صحافیوں کا وفد مطالعاتی دورے پر گلگت جا رہا تھا۔ بابوسر ٹاپ کے قریب شدید برفباری میں پھنس گیا۔ جس کو مقامی ریسکیو ٹیموں نے ریسکیو کر کے واپس ناران پہنچایا۔ وفد کی قیادت سلطان حمید راہی کر رہے تھے جبکہ ان کے ہمراہ عظیم نوشاہی، سیف الرحمنٰ سیفی، ایاز حسین کھیڑا، شفیق بزمی بھی تھے۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق نواحی علاقہ سوانس میں بارش کے ساتھ کافی تیز ژالہ باری ہوئی ہے جس سے میانوالی اور ارد گرد کا موسم سرد ہو گیا۔