• news

مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام بھی  اورنج ٹرین کا افتتاح‘ کارکنوں کا جشن

لاہور (  نیوز رپورٹر) لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے افتتاح کے موقع پر مسلم لیگ (ن) نے بھی اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کردیا۔ لاہور میں مسلم لیگ (ن) نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح کیا اور انارکلی سٹیشن پر جشن منایا۔ لیگی رہنماؤں نے زندہ دلان لاہور کو مبارک باد دی اور نواز شریف اور شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ حکومت کو اورنج لائن ٹرین کے افتتاح پر ان کا جشن برداشت نہیں ہورہا۔ پنجاب حکومت نے رات انہیں گرفتار کرنے کا پروگرام بنا لیا تھا۔ ایاز صادق نے کہا کہ فیتا کاٹنے والے دل میں کتنے شرمند ہوں گے کہ2 سال روک کر بھی چلانی پڑگئی۔ صدر مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے بیٹے سلیمان شہباز نے سوشل میڈیا پر شہبازشریف کی تصویر شیئرکرتے ہوئے کہا کہ اورنج لائن ٹرین کا خیال پیش کرنے والا سلاخوں کے پیچھے ہے۔ افتتاح کے موقع پر لیگی رہنما و کارکنان انارکلی سٹیشن پہنچے، اور انہوں نے شہباز شریف کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔ خواجہ سعد رفیق نے اورنج لائن ٹرین کا عوامی افتتاح ربن کاٹ کر کیا۔ کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کہنا تھا کہ آج پنجاب کا خادم اعلیٰ شہباز شریف پابند سلاسل ہے، ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے پنجاب کی حالت بدل دی، عام آدمی کی زندگی میں تبدیلی لے کر آئے، اپنے بھائی کا ساتھ دینا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا جرم بن گیا ہے، آج اورنج لائن ٹرین منصوبے کے بانی جیل میں ہیں۔ احتساب کا پھنڈا (ن) لیگ کے گلے کے گرد کستے ہیں، اورنج لائن ٹرین کی تاخیر سے قومی خزانے کو اربوں کا ٹیکہ لگا، پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں سے کون حساب لے گا؟، ہم غلط نہیں کہتے کہ آپ سلیکٹڈ تھے اور ہیں، اور اسی حالت میں تشریف لے جائیں گے۔ (ن) لیگ کے رہنما ایاز صادق کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات عوام کے سامنے ہیں، چینی،آٹا، بجلی اور گیس چوروں کا وقت پورا ہوگیا، عوام کو جلد اس حکومت سے نجات ملے گی۔ لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ پر پی ٹی آئی نے سٹے آڈر لیا جان بوجھ کر تاخیرکی گئی، پی ٹی آئی چاہتی تھی کہ شہباز شریف اس کا افتتاح نہ کر سکیں، لیکن عمران خان کی تمام سازشوں کے باوجود ہم اس کا افتتاح کریں گے، شہباز شریف کٹ مریں گے لیکن لیکن اپنے بھائی کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔اس موقع پر محمد پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر، عمران گورایہ سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کارکنوں کو سیاسی جدوجہد تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ دسمبرکا مہینہ فیصلے کا مہینہ ہے۔ ہمیں جیل میں اس لئے ڈالتے ہیں آئین و قانون کی حکمرانی مانگتے ہیں۔ جمہوریت زنجیروں میں ہے۔ شہبازشریف کے شہر میں جگہ جگہ نشانات ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان میں دو متوازی قانون لاڈلوں اور ن لیگ کیلئے الگ قانون ہے۔ میٹرو ٹرین کے عوامی افتتاح پر پنجاب پولیس نے انار کلی سٹیشن کو بند کردیا اوراس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہی۔

ای پیپر-دی نیشن