پی ایم سی کا انٹری ٹیسٹ خودلینے کا فیصلہ،لاجسٹک سپورٹ کیلئے این ٹی ایس کی خدمات حاصل
اسلام آباد(قاضی بلال)پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی)نے اچانک انٹری ٹیسٹ کی خدمات یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور نمز سے واپس لیکر خودامتحان لینے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے لاجسٹک سپورٹ کیلئے بدنام زمانہ نیشنل ٹیسٹنگ سروس کی خدمات لے لی گئیں ہیں ۔ پیپر کی تیاری اور چھپائی کا کام نمز کو دیا گیا ہے اس حوالے سے صورتحال دھندلی ہونے کی وجہ سے طلبہ و طالبات کا تذبذب کا شکار ہیں ۔ پہلی بار پی ایم سی خود سے ملک بھر میں میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے امتحان خود لے گا ۔ملک بھر میں تمام ہیلتھ یونیورسٹیز کو امتحان لینے سے روک دیا گیا ہے ۔ پی ایم سی نے اس حوالے سے طلبہ کی شکایات کے ازالے کیلئے ہدایات نامہ بھی جاری کر دیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ ایف ایس سی کورس سے پیپر لیا جائیگا اگرکوئی سوال آئوٹ آف کورس ہوگا تو اسی وقت طلبہ کی شکایات پر اسے ہٹا دیا جائے گا اس کے علاوہ طلبہ کو ایک اعتراض فارم بھی دیا جائے گا تمام اعتراضات اسی روز پندرہ نومبر کو کمیٹی جائزہ لیکر سوال کوخارج کرے گی ۔ اس حوالے سے نائب صدر علی رضا ایڈووکیٹ نے بتایا کہ امتحان این ٹی ایس نہیں لے بلکہ پی ایم سی لے گی اس حوالے سے این ٹی ایس کے ساتھ لاجسٹک سپورٹ معاہدہ کیا گیا ہے ان کا امتحان یا تصحیح کے کام سے کوئی تعلق نہیں ہوگا ۔ اس کے نمز کو پیپر کی تیاری اور چھپائی کا کام دیا ہے اور پی ایم سی کے منظور کردہ سوالات کو صرف چھاپ کر دے گا ۔