سپریم کورٹ بار کے انتخابات پرسوں پنجاب بار کونسل کے کل ہوں گے
لاہور(وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ الیکشن کا میدان 29 اکتوبر بروز جمعرات سجے گا۔ وکلاء کے دو بڑے گروپوں میں عاصمہ جہانگیر گروپ اور حامد خان گروپ کے صدارتی امیدواروں میں ون ٹو ون کانٹے دار مقابلہ ہو گا۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار عبدالطیف آفریدی کا مقابلہ حامد خان گروپ کے عبدالستار خان سے ہوگا۔ اس مرتبہ دونوں صدارتی امیدواروں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ پنجاب سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے سیکرٹری کے امیدوار رانا احمد شہزاد فاروق کا مقابلہ عمر سہیل سلیمی سے ہوگا۔ جنہیں حامد خان گروپ کی حمایت حاصل ہے۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے نائب صدر کے امیدوار ارشد باجوہ کا مقابلہ حامد خان گروپ کے یونس نول سے ہوگا۔ بلوچستان سے نائب صدر کی نشست پر اجمل خان کاسی، غلام مصطفی ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔ خیبر پی کے سے نائب صدر کی سیٹ پر محمد اجمل خان اور سید اقبال حسین شاہ گیلانی جبکہ پنجاب سے نائب صدر کے لئے بابر اے خیلجی، محمد ارشد باجوہ، محمد یونس خان نول، نائب صدر سندھ کے لیے قاضی عبد الحمید صدیقی، عمران شمسی، سید غلام شاہ بخاری اور یونس ملئی، سیکریٹری کی نشست پر احمد شہزاد فاروق رانا اور محمد عامر سہیل سلیمی، ایڈیشنل سیکرٹری کے سیٹ پر ملک شکیل الرحمان، شیریں عمران اور ذوالفقار احمد بھٹہ جبکہ فنانس سیکرٹری کی سیٹ پر محمد افضل جنجوعہ اور محمد اکرم گوندل مدمقابل ہیں۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے امیدواروں میں جام آصف، جاوید احمد، محمد سلیم ہاشمی، نوید الحق چوہدری، عبدالمالک بلوچ، عبدالرزاق، ناصر کاسی، شمس الرحمان رند شامل ہیں۔ دریں اثناء پنجاب بار کونسل کے ارکان کیلئے انتخابات کل مورخہ 28 اکتوبر بروز بدھ ہوں گے۔ پنجاب بھر کے وکلاء ہر ضلع سے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ریٹرننگ آفیسر کے فرائض سرانجام دیں گے۔