صدر کی گورنر سے ملاقات‘ ترقی اولین ترجیح‘ عارف علوی ملک کو معاشی دیوالیہ ہونے سے بچایا‘ چودھری سرور
لاہور (نیوز رپورٹر) صدر ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات ہوئی۔ حکومتی، سیاسی اور یونیورسٹیز کے معاملات سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ جبکہ گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو بلوچستان، گلگت بلتستان اور فاٹا کے طلباء کے لئے سکالر شپ شروع کرنے اور یونیورسٹیز کو سولر پر منتقل کرنے سمیت دیگر اقدامات کے بارے میں بتایا۔ تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سوموار کو 2 روزہ دورے پر لاہور پہنچے اور گورنرہاؤس آمد پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے انکا استقبال کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور گورنر ہاؤس میں کرونا ہیروز وال اور قرآن گارڈن کا افتتاح کریں گے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ ملکی ترقی اور استحکام حکومت کی اولین تر جیح ہے جسکے لیے تمام ادارے متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے عوامی ترقی اور خوشحال کے لیے احساس پروگرام اور نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم سمیت جتنے پروگرام شروع کیے ہیں ماضی میں انکی کوئی مثال نہیں ملتی۔ پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچانے کا کر یڈٹ بھی تحر یک انصاف کی حکومت کو ہی جاتا ہے۔گورنر پنجاب نے بتایا کہ کرونا کے دوران بہتر ین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں کو خراج تحسین پیش کر نے کیلئے کرونا ہیروز وال اور قرآن گارڈن بنایا ہے اور ایسے ہیروز کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔