• news

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون:حسین طلعت کی ڈبل سنچری‘ پنجاب کی گرفت مضبوط

لاہور (سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کادوسرا روز مکمل۔سدرن پنجاب کے حسین طلعت کی شاندار ڈبل سنچری، سندھ کے فواد عالم 90 رنز بناکر ناٹ آؤٹ  جبکہ بلوچستان کے خرم شہزاد کے 27 رنز کے عوض 5 شکارکیے۔ تفصیلات کے مطابق این  بی پی سپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ میں حسین طلعت کی شاندار ڈبل سنچری کی بدولت سدرن پنجاب نے میچ میں اپنی گرفت مضبوط کرلی ہے۔ ناردرن کی ٹیم تاحال اپنی دوسری اننگز میں 311 رنز کے خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کے تین کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔ دوسرے روز میچ کے اختتام پر ناردرن نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں ناردرن کے 165 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کیٹاپ آرڈربیٹسمین حسین طلعت نے 310 گیندوں پر 33 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 253 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر سدرن پنجاب کومیچ میں مستحکم پوزیشن پر پہنچا دیا۔ سدرن پنجاب نے 113.1 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 507 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔کپتان شان مسعود 134 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ناردرن کے نعمان علی نے 4 اور اطہر محمود نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔یاد رہے سدرن پنجاب نے میچ کے دوسرے روز 1 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز سے اپنی پہلی اننگزکا آغاز کیا تھا۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے دوسرے روز فواد عالم کے ناقابل شکست 90 رنز کی بدولت سندھ نے سنٹرل پنجاب کے 207 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 196 رنز بنالیے ہیں جبکہ اس کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔تابش خان 17 کے انفرادی اسکور سے فواد عالم کے ہمراہ میچ کے تیسرے روز کا آغاز کریں گے۔ ونوں کھلاڑیوں کے درمیان اب تک 83 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔ احمد بشیر اور وقاص مقصود 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ا س سے قبل سنٹرل پنجاب کی ٹیم میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کے مجموعے میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرسکی اور پوری ٹیم 207 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کا دوسرا روز بلوچستان کے نام رہا۔ 195 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے میچ میں مجموعی طور پر 229 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے اور اس کی ابھی 9 وکٹیں باقی ہیں۔ دن کے اختتام پر بلوچستان نے اپنی دوسری اننگز میں 1 ایک وکٹ کے نقصان پر 34 رنز بنالیے ہیں۔ سمیع اسلم 15 اورنائٹ واچ مین خرم شہزاد 4 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔اس سے قبل بلوچستان نے میچ کے دوسرے روز 7 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز سے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو ان کی پوری ٹیم 362 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بسم اللہ خان 118 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کے پی کے سپنر ساجد خان نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں خالد عثمان اور کامران غلام کے علاوہ کے پی کا کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہرسکا اور ان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔بلوچستان کے خرم شہزاد نیتباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کپتان یاسر شاہ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ خالد عثمان 57 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ کامران غلام نے 42 رنز بنائے۔

ای پیپر-دی نیشن