طوفانی بارشیں، پنجاب کو منگلا ڈیم نے سیلاب سے بچایا: واپڈا
لاہور (نیوز رپورٹر) رواں سال معمول سے زیادہ ہوئی بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی بڑھتی سطح کو کنٹرول کرنے کے لیے منگلا ڈیم کا کردار اہم ہے۔ واپڈا کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں پنجاب کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچانے میں منگلا ڈیم کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا گیا ہے۔ واپڈا کا کہنا ہے کہ اگست اور ستمبر میں ہوئی طوفانی بارشوں سے دریائے جہلم اور چناب میں شدید سیلابی کیفیت پیدا ہوئی جس کے بعد منگلا ڈیم نے دریائے جہلم میں اچانک آنے والے بڑے سیلابی ریلوں کو ذخیرہ کیا۔ واپڈا کے مطابق 28 اگست کو دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر 4 لاکھ 15ہزار کیوسک کا سیلابی ریلا داخل ہوا جب کہ اسی روز دریائے چناب میں مرالہ کے مقام سے 3 لاکھ کیوسک کا ریلا گزر رہا تھا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ منگلا ڈیم نے دریائے جہلم میں 4 لاکھ 15 ہزار کیوسک کے سیلابی ریلے کو روکتے ہوئے دریائے جہلم کے زیریں جانب صرف 1 لاکھ کیوسک پانی خارج کیا جس کے باعث منگلا کے مقام پر سیلاب کی شدت میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔