شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے نیب کی درخواست مسترد
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق نیب کی جانب سے دائر درخواست خارج کردی ہے۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔ ڈپٹی پراسیکوٹر جنرل نیب نے عدالت کے رو برو پیش ہوکر موقف اپنایا کہ اکثر ملزم ای سی ایل میں نام نہ ہونے کی وجہ سے فرار ہو جاتے ہیں۔ انکوائری کے مراحل میں مختلف مقدمات کے 6 ملزم ملک سے بھاگ چکے ہیں۔ ملزم شہباز شریف پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے،شہباز شریف منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہے۔ ملزم شہباز شریف اس وقت تحویل میں ہے، دوران سماعت جسٹس منیب اختر نے نیب پراسیکوٹر کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ جس کا نام ای سی ایل میں ڈالنا چاہتے ہیں وہ ملک کی نامور شخصیت ہے۔ جب یہ درخواست دائر کی گئی تھی اس وقت صورتحال مختلف تھی۔ منی لانڈرنگ سے متعلق 4 دن پہلے دس رکنی فل کورٹ کا فیصلہ آیا ہے۔ آپ فیصلہ پڑھ کر کیوں نہیں آتے۔