• news

تبدیلی کے نام پر تباہی، گلگت میں دھاندلی کی کوشش بھی ہوئی تو عوام کے ساتھ اسلام آباد دھرنا دینگے: بلاول

سکردو (نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ اگر گلگت بلتستان کے انتخابات میں دھاندلی کی کوشش بھی کی گئی تو عوام کے ساتھ اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔ سکردو میں کارنر میٹنگ سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ یہ الیکشن اقتدار کا نہیں، آپ کے مستقبل کا الیکشن ہے اور ہمیں گلگت بلتستان کو اس تباہی سے بچانا ہے جو پورے پاکستان میں تبدیلی کے نام سے شروع ہوئی ہے۔ ہم آپ کو یہاں دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے۔ اگر ووٹ چوری کرنے کی کوشش کی توگلگت کی عوام کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے اور دھرنا دیں گے۔ نوجوان قیادت ہی نوجوانوں کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ نوجوانوں کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے اور اس کا حل صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔ عوام کا جذبہ دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ جیت صرف تیر کی ہو گی۔ جو حقوق باقی صوبوں کو دلوائے ہیں اب وہ حقوق گلگت بلتستان کو دلوانا ہیں۔ زرداری نے گلگت بلتستان کو شناخت دلوائی۔ سلیکٹڈ منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔ حکومت میں آ کر گلگت بلتستان کے لوگوں کو روزگار دلوائیں گے۔ تبدیلی کے نام پر تباہی ہو گئی ہے۔ ہر علاقے سے تیر کو جتوا کر اسلام آباد کو پیغام دینا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام شہید بھٹو کے ساتھ ہیں۔ سکردو کے جلسے میں شرکاء نے ’’وزیراعظم بلاول‘‘ کے نعرے لگائے۔ 15 نومبر کو عوام کی جیت کا جشن منائیں گے۔ خبردار کر رہا ہوں کہ یہاں کسی کو دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم کسی کٹھ پتلی‘ سلیکٹڈ کا ساتھ نہیں دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن