• news

کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری، پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی

تتہ پانی (نامہ نگار) لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی، سہڑہ، درہ شیرخان سیکٹرز میں بھارتی فوج کی کئی روز کی خاموشی کے بعد دوبارہ بلا اشتعال شدید گولہ باری سے متعدد رہائشی مکانات شدید متاثرہوئے، تاہم مکین گھروں کے اندر ہونے کی وجہ سے جانی نقصان سے محفوظ رہے۔ پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ بھارتی فوج نے نماز فجر کے قریب اچانک بلااشتعال شدید گولہ باری شروع کردی اور ان سیکٹرز کے سویلین آبادی کے علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجہ میں تاہی مواڑہ کے رہائشیوں امتیاز ملک ولد سید محمد، کالا خان ولد علی محمد بھٹی، معروف حسین ولد محمد صدیق، محمد رؤف ولد محمد صدیق اور دیگر کے مکانات شدید متاثر ہوئے جبکہ محمد الطاف ولد پولاخان کی دکان کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔ خوف وہراس پید ا ہوگیا۔ ایک شہری کے مکان کے عین اوپر گولہ آکر گرا لیکن وہ پھٹ نہ سکا، جسے بعد میں محکمہ سول ڈیفنس کے رضا کاروں نے موقع پر اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن