نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ آج سے لاہور میں شروع ہوگی
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2020 ء آج سے لاہور میں شروع ہوگی۔ صدر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کرنل وسیم احمد جنجوعہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایونٹ میں 650 سے زائد فیڈریشن سے الحاق شدہ صوبائی و قومی ڈیپارٹمنٹ کے آفیشلز و اتھلیٹس شریک ہونگے۔ آرمی، نیوی، ایئرفورس، واپڈا ریلوے کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔پولیس, اسلام آباد، خیبر پی کے، سندھ، بلوچستان, پنجاب‘ گلگت بلتستان‘ ایچ ای سی اور آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں بھی ایکشن میں ہوں گی۔کرونا کی وجہ سے اولمپکس کی تیاری نہیں ہوسکی۔چاہتے ہیں کہ ہمارے کھلاڑی بیرون ممالک جاکر کھیلیں۔ ایونٹ میں 650 اتھلیٹس شرکت کررہے ہیں۔ مارشل آرٹس کا اتھلیٹس اگر روزانہ ٹریننگ نہ کرے تو پیچھے رہ جاتا ہے۔بہترین اتھلیٹس چن کر انہیں بہترین کوچنگ فراہم کریں گے۔ایونٹ کے کھلاڑیوں کے اخراجات فیڈریشن اٹھائے گی۔ بیرون ممالک سے جدید آلات منگوائے تاکہ کھلاڑی بہترین ماحول میں کھیلیں۔ صدر ساؤتھ ایشین تائیکوانڈو ایسوسی ایشن عمر سعید نے بتایا کہ 2021 میں پاکستان میں ساف گیمز کے ہونے سے نہ صرف پاکستان کا امیج بلند ہوگا بلکہ سب کھیلوں کو بھی فروغ ملے گا۔