آئی جی پنجاب پولیس کا صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم
لاہور( نامہ نگار) آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی نے پشاور دھماکے کے تناظر میں صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔ تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو حساس مقامات اور عبادت گاہوں سمیت عوامی مقامات کی سکیورٹی بڑھانے کے علاوہ ہدایت کی گئی ہے جبکہ ڈی پی اوز سمیت دیگر افسران خود فیلڈ میں نکل کر حساس مقامات کے سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیں۔ بین الصوبائی اور بین الاضلائی چیک پوسٹوں پر چیکنگ کا عمل مزیدموثر بنایا جائے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر گزشتہ روزپولیس وقانون نافذ کرنے والے اداروں نے سکیورٹی ہائی الرٹ کر کے شہر بھر میں ناکے لگائے تھے جبکہ عید میلاد النبیؐ اور میلادکی محافل کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی تھی ۔شہرکے داخلی راستوں کی کڑی نگرانی اور اہم سرکاری عمارات ،بس و ویگن سٹینڈز اور کاروباری و تجارتی مرا کز اور بازاروں میں سفید پارچات میں نفری تعینات تھی۔ لاہورپولیس نے گزشتہ روز ہر تھانے کی حدود میں بیرئیرلگاکرنا کے لگائے جہاں تعینات اہلکارمشکوک اور بڑی گا ڑیوں کو روک کر چیک کرتے رہے جبکہ شہرمیں پولیس گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا تھا ۔