پی ڈی ایم ناکام حکومت کو گھر بھیج کر حقیقی جمہوریت لائے گی: احسن اقبال
اسلام آباد / نواب شاہ (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ناکام حکومت کو گھر بھیج کر حقیقی جمہوریت لائے گی۔ حکومتی نالائقی کا سایہ معیشت کے بعد سکیورٹی پر بھی پڑ رہا ہے۔ وزارت داخلہ نیب بن چکی ہے۔ حکومت نے وزارت داخلہ کا فوکس اپوزیشن کو کچلنے پر لگا دیا ہے۔ سکیورٹی کے اداروں سے سیاسی کام لیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاوہ ازیں احسن اقبال نے نواب شاہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کہا ہے کہ ریاست مدینہ میں گندم کی سمگلنگ کرکے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور نہیں کیا جاتا۔ ایک بہروپئے اداکار نے قوم کے ساتھ دھوکہ کیا اور نئے پاکستان کا خواب دکھایا۔ نئے پاکستان کی فلم چلا کر قوم کو ڈریکولا کے حوالے کیا گیا ہے۔