ہماری نیک ہدایات کو کچھ لوگ حکومت پر تنقید کی شکل دیتے ہیں: شجاعت
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بطور اتحادی حکومت کو دی گئی ہماری نیک ہدایات کو کچھ لوگ تنقید کی شکل دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی آف پاور اپنے صاحبزادے چودھری سالک حسین سے گفتگو کر رہے تھے جن کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی پاور کمیٹی نے بجلی پر سرچارج عائد کیے جانے کا بل منظور نہیں کیا تھا۔ اجلاس میں چودھری سالک حسین نے سختی سے کہا ہمیں بتایا جائے کہ آپ بجلی پر کون سا سرچارج لگانا چاہتے ہیں، اگر آپ واقعی قومی خسارہ پورا کرنا چاہتے ہیں تو کیا یہ نہیں ہو سکتا کہ اس طرح کا سرچارج لگژری آئٹمز پر لگایا جائے۔ کمیٹی کے تمام ممبران نے اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا اثر صارفین پر ہو گا اور مہنگائی کو خفیہ کور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس بل میں یہ منظور کرانا کہ کبھی بھی کسی بھی بل پر کوئی بھی سرچارج لگا دیں اور اس سے جمع شدہ اربوں روپے کی رقم کو فیڈرل گورنمنٹ کے صوابدید پر چھوڑ دیا جائے کہ وہ جہاں چاہے اسے خرچ کر لے، اگر ٹیکس لگانا واقعی آپ کی مجبوری ہے تو ہمیں بتایا جائے کہ حکومت کے پاس کیا پلان ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل سے آپ پاکستان میں سب سے زیادہ لیڈ لے کر جیتے ہیں۔ کوئی ایسا کام نہ کرنا جو غریبوں کیلئے مہنگائی کی صورت میں مشکلات پیدا کرے۔ لو گوں کو آپ سے بہت توقعات ہیں آپ ان سے کئے گئے وعدوں کو پورا کریں۔