• news

سپریم کورٹ بار انتخابات آج  الیکشن روکنے کی درخواست خارج

لاہور، اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات آج ہونگے۔ سپریم کورٹ بار الیکشن کے تین اہم عہدوں کے لئے 7 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔ الیکشن میں لاہور سمیت ملک بھر کے 3177 ووٹرز  وکلا اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سپریم کورٹ بار  کے وکلاء کی سب سے زیادہ تعداد  1329  کا تعلق لاہور سے ہے۔ ملتان کے 207 اسلام آباد راولپنڈی کے 518 اور بہاولپور کے 93 وکلاء حق دہی استعمال کریں گے۔ صدر کے عہدے کے لئے دو امیدواروں عاصمہ جہانگیر گروپ کے عبدالطیف آفریدی اور حامد خان گروپ کے عبدالستار خان کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔ دونوں صدارتی امیدواروں کا تعلق خیبر پی کے سے ہے۔ نائب صدر سپریم کورٹ  بار کے لئے پنجاب سے تین امیدواروں بابر علی خلجی، محمد ارشد باجوہ چوہدری اور محمد یونس خان نول مدمقابل ہیں۔ سیکرٹری کے عہدے کے لئے پنجاب سے احمد شہزاد فاروق رانا اور  محمد عامر سہیل سیلمی  کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ پنجاب سے ممبر ایگزیکٹو کے لئے چار امیدوار ہیں۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری، ملتان، بہاولپور،کراچی، پشاور، کوئٹہ سمیت دیگر بڑے شہروں میں  پولنگ سٹیشن قائم ہوں  گے۔  غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان آج ہی کر دیا جائے گا جبکہ  نتائج کا سرکاری اعلان 4 نومبر کو کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں  سپریم کورٹ  نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا الیکشن روکنے کی سید اقبال گیلانی کی درخواست خارج کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن