شادی ہالز، دکانیں، ریسٹورنٹ رات10 ، پارکس شام6 بجے بند، ماسک لازمی: این سی او سی
لاہور+ اسلام آباد + رائے ونڈ (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت+ سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہورہا ہے اور فعال کیسز کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ این سی او سی اجلاس کے دوران ملک بھر میں ماسک لازمی قرار دیدیا گیا ، شاپنگ مالز، مارکیٹیں، ریسٹورنٹس رات 10 ،جبکہ پارکس اور تفریحی مقامات شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ ہو گیا، مجموعی طور پر اب تک ملک میں 3 لاکھ 30 ہزار 516 افرادمتاثر ہوئے ، جس میں سے 3 لاکھ 11 ہزار 814 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 766 انتقال کر چکے ہیں۔28 اکتوبر کو مزید 806 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 16 مریضوں کا انتقال ہوا۔ 374 مریض صحتیاب ہوگئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 11 ہزار 936 ہے۔آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں بلوچستان کے گزشتہ روز سامنے آنے والے 20 کیسز جبکہ خیبرپختونخوا کے 770 کیسز اور ایک موت بھی شامل تھی جن کے بعد بلوچستان میں مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 859 اور خیبرپختونخوا میں 39 ہزار 189 ہوگئی ہے۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں 316 نئے کیسز سامنے آئے ، صوبے میں وائرس سے مزید 7 مریض جاں بحق ہوئے ، اموات 2611 ہوگئیں۔ پنجاب میں 232 نئے کیسز سامنے آئے، صوبے میں مسلسل دوسرے روز وائرس کے 200 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔پنجاب میں مزید 6 مریض جاں بحق ،اموات کی تعداد 2342 ہوگئی ہے۔ اسلام آباد میں کورونا کے مزید 119 کیسز کی تصدیق ، مزید ایک شخص جان کی بازی ہار گیا ، اموات بڑھ کر 214 ہوگئی ہیں۔ آزاد کشمیر میں وبا سے مزید 40 افراد متاثر ہوئے، وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی اور اموات کی تعداد 87 پر برقرار ہے۔گلگت بلتستان میں 9 نئے کیسز کی تصدیق ، مزید ایک مریض جاں بحق بھی ہوا ، اموات کی تعداد 92 ہوگئی ۔ فعال کیسز11936 ہو گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں آج سے گھروں سے باہر نکلنے پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا۔این سی او سی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری گھروں سے باہر جاتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں اور سرکاری و نجی دفاتر میں بھی ماسک لازمی طور پر استعمال کیا جائے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ بازاروں اور شاپنگ مال وغیرہ میں بھی ماسک کا استعمال لازم ہے۔این سی او سی کے مطابق اب تک 11 شہروں میں 4 ہزار 374 لاک ڈاون نافذ کیے گئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر این سی او سی نے ملک میں کرونا وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر تمام شادی ہالز، ریسٹورنٹس شاپنگ مالز، دکانیں اور مارکیٹس رات 10 بجے بند کرنے کی ہدایت جاری کر دی، اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں تفریح گاہ اور پبلک پارکس بھی شام 6 بجے بند کر دیئے جائیں گے۔ ریلوے اسٹیشن‘ بس اسٹینڈ‘ مارکیٹس سمیت ان ڈور سرگرمیوں کے دوران ماسک پہننا لازمی ہو گا۔ این سی او سی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ کرونا وباء کو روکنے کے لئے ایس او پیز کا اطلاق 29 اکتوبر (کل) سے ہو گا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ مذکورہ ایس او پیز پر اطلاق کا دورانیہ 2 ماہ ہو گا۔ البتہ ضروری سروسز، ہسپتال‘ میڈیکل سٹورز‘ کلینکس کھلے رہیں گے۔ کرونا وائرس کی نئی لہر آنے کے بعد پنجاب سکواش کے دو کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد پنجاب سکواش ایسوسی ایشن نے پنجاب سکواش کمپلیکس کو دو ہفتوں کیلئے بند کر دیا ہے۔ ایک کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ دو کھلاڑی کونسے ہیں اس بارے معلوم نہیں تاہم ہمیں بتایا گیا ہے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے 5 طالب علم کرونا سے متاثر‘ ایف ایم یو کی فورتھ ائیر کی کلاس کے سوا دیگر کلاسز کو بند کر دیا گیا جبکہ الائیڈ ہسپتال میں مزیدکرونا کے 10 مشتبہ مریضوں کو آئسولیشن وارڈ میں داخل کر لیا گیا۔ رائے ونڈ سے نامہ نگار کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے رائے ونڈ کے تجارتی مراکز میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات اور تاجروں کی جانب سے ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے پر اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ عدنان رشید نے 20 مختلف دکانوں کو سیل کر دیا۔ اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے سی رائے ونڈ کا کہنا تھا کہ وارننگ دی گئی تھی لیکن تاجروں نے انتہائی ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ایس او پیز کی خلاف ورزی مسلسل جاری رکھی ہوئی تھی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) نے کرونا کی زیادہ شرح والے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، حیدرآباد، گلگت، مظفر آباد، میر پور، پشاور اور کوئٹہ میں 29 اکتوبر سے ایس اوپیز کے حوالے سے اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے۔ کرونا کے حوالہ سے ہاٹ سپاٹ ایریاز میں وسیع پیمانے پر سمارٹ لاک ڈائون کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ماسک پہننے سے متعلق اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ فوری ہوگا اور دفعہ 144 کا نفاذ 2 ماہ تک رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے کی خلاف ورزی پر پولیس گرفتار بھی کرسکتی ہے۔