بچوں کو نشانہ بنانیوالے انسان نہیں، دشمن کے عزائم کبھی پورے نہیں ہونگے، طاہر اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم کانمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی ومشرق وسطیٰ مولانا طاہر اشرفی کا وزیراعظم پاکستان عمران خان کے خصوصی ہدایت پردیرکالونی میں سپین جماعت (مسجد) کا دورہ، طاہر اشرفی کی شہدا کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لواحقین کیلئے صبر و استقامت کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا بھی کی۔ اس موقع پرذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہاکہ دیرکالونی سپین جماعت سانحے میں شہید ہونے والے بچے پاکستان کے بچے ہیں، دشمن کے مذموم عزائم کبھی پورے نہیں ہوں گے۔ معصوم بچوں کونشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن کی بات کررہے ہیں یہ پاکستان کو اس کی سزا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ افغانستان میں گروہوں کو ہندوستان فنڈنگ کر رہا ہے۔ فرقہ واریت پھیلانے کے لیے فنڈنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم شہداء کے خون کو ماتھے کا جھومر سمجھتی ہے۔ اس طرح کی سازشوں کا پہلے بھی مقابلہ کیا آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں ہندوستان کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے ہیں۔ ہم امن کے علمبردار ہیں۔