• news

سی پیک اتھارٹی بل منظور ہونے کا امکان، متحدہ اپوزیشن نے ارکان واپس بلا لئے

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے ارکان کے نام اہم قانون سازی کے  لئے جمعرات کو ایوان میں موجودگی کو یقینی بنانے کا پیغام جاری ہونے کے بعد  قومی اسمبلی میں متحدہ اپوزیشن نے بھی اپنے تمام ارکان کو ہنگامی بنیادوں پر  آج قومی اسمبلی میں واپس بلا لیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف اور پبلک اکائونٹس کمیٹی  کے چیئرمین رانا تنویر حسین  سمیت اپوزیشن کے متعدد  ارکان جو اپنے گھروں کو روانہ ہو گئے تھے اسلام آباد واپس آگئے ہیں۔ خواجہ آصف سیالکوٹ جب کہ رانا تنویر حسین لاہور جاتے  ہوئے واپس آگئے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے  اپوزیشن کی عدم موجودگی میں قواعد و ضوابط معطل کر کے  سی پیک اتھارٹی  کا بل منظور کرانے کا امکان ہے  جو اس وقت قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ کے پاس  زیر غور ہے۔ حکومت اس بل کو  براہ راست منظور کرا سکتی ہے آج قومی اسمبلی کا  27 واں اجلاس غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی ہو جائے گا۔ ذرائع کے  مطابق  اپوزیشن حکومت  کو سی پیک  اتھارٹی قائم کرنے  کے بل  کو منظور نہیں ہونے دے گی  اپوزیشن اپنی حاضری پوری کر یگی دوسری طرف  حکومت بھی اپنی پارلیمانی قوت کو مجتمع کر نے کی کوشش کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن