صدر نے کرونا ہیروز اور خدمات انجام دینے والوں کو شان پاکستان ایوارڈ سے نوازا
لاہور (نیوز رپورٹر) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کرونا کے دوران فرنٹ لائن پر لڑنے والے 38کرونا ہیروز کو ’’شان پاکستان‘‘ ایوارڈ سے نواز دیا۔ گورنر چوہدری سرور اور وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کو بھی شان پاکستان ایوارڈ دیا۔ ایوارڈز حاصل کرنے والوں میں شہید ڈاکٹرز کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔ تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی صدر ڈاکٹر عارف علوی تھے۔ جبکہ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک، صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، صدر پاکستان کی اہلیہ ثمینہ علوی، گورنر پنجاب کی اہلیہ بیگم پروین سرور، پولٹیکل سیکرٹری میاں کاشف اقبال، نامور گلوکار علی ظفر، بزنس کیمونٹی سے گوہر اعجاز، اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب اور کرونا سے شہید ہونیوالے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے اہل خانہ بھی شر یک ہوئے۔ تقریب کے دوران نشتر میڈ یکل یونیورسٹی کے کرونا سے شہید ہونیوالے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفی کمال، سروسز ہسپتال کے شہید پروفیسر حافظ مقصود احمد، ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال کے ایم ایس شہید ڈاکٹر معصود قصری سمیت دیگر شہید ڈاکٹرز کا شان پاکستان ایوارڈ انکے اہل خانہ نے وصول کیا۔ جبکہ بزنس کیمونٹی سے گوہر اعجاز، انوار اے غنی، میاں طلعت محمود، میاں انجم نثار اور میاں احسن جبکہ اخوت کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب، الخدمت فاؤنڈیشن کے محمد عبدالشکور،المائدہ ٹرسٹ کے محمد علی سمیت دیگر شعبوں میں کرونا کیخلاف لڑنے والوں کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ عارف علوی نے کہا کہ کرونا کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کو آج پوری دن تسلیم کر رہی ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے احساس پروگرام کے تحت غر یبوں کی بھر پور مدد کر کے انسانیت دوستی کی ایک اعلی مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ میں پاکستانی مخیر حضرات نے جس جذبہ کا اظہار کیا ہے وہ بھی پوری دنیا میں ایک مثال ہے۔ کرونا کے حوالے سے اب بھی خطرات موجود ہیں اس لیے عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیے۔ چوہدری سرور نے کہا کہ کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ہیروز کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ میں بزنس کیمونٹی اور این جی اوز کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کے تعاون سے گورنر ہاؤس نے کرونا وبا کے دوران 10ارب روپے کی چیرٹی کی ہے۔