• news

3 ماہ میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے 48 فیصد زیادہ منافع باہر بھیجا گیا 

لاہور (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے منافع کی مد میں مجموعی طور پر 57 کروڑ 68 لاکھ ڈالر بیرون ملک بھجوائے گئے جو گزشتہ سال سے 22 کروڑ 76 لاکھ ڈالر زیادہ ہیں جبکہ منافع کے نام پر باہر بھجوائی جانے والی رقم اس دوران پاکستان میں ہونے والی غیر ملکی مجموعی سرمایہ کاری سے بھی  48 فیصد زیادہ ہے۔ تین ماہ میں پاکستان میں نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 38 کروڑ 89 لاکھ ڈالر تھا۔  رپورٹ کے مطابق 3 ماہ میں 23 کروڑ 91 لاکھ ڈالر منافع برطانیہ بھجوایا گیا جو گزشتہ سال سے 176 فیصد زیادہ ہے۔ امریکا بھیجے گئے منافع کا حجم 8 کروڑ 89 لاکھ ڈالر، چینی سرمایہ کاروںنے 2 کروڑ 4 لاکھ ڈالر بھجوائے۔ رپورٹ کے مطابق صنعتی شعبے میں  سب سے زیادہ 15 کروڑ 22 لاکھ ڈالر کا منافع پاکستان میں خوراک کا کاروبار کرنے والوں کی طرف سے بھجوایا گیا۔ کمیونیکیشن سیکٹر کے سرمایہ کاروں نے 11 کروڑ 87 لاکھ ڈالر باہر بھجوائے۔

ای پیپر-دی نیشن