حکومت ذمہ داری نبھانے میں ناکام‘ اسلام آباد ہائیکورٹ: زرعی ترقیاتی بینک کا بورڈ بنانے کا حکم
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو ایک ماہ میں زرعی ترقیاتی بینک کا بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔ عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اہم ترین مالی ادارے کو غیرفعال رکھ کر حکومت اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہی، اگر بورڈ تشکیل نہیں دیا جاتا تو آئندہ سماعت پر یکم دسمبر کو سیکرٹری خزانہ ذاتی حیثیت میں عدالت پیش ہوں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے زرعی ترقیاتی بینک کے افسروں کی تنزلی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں کی جانب سے عمر گیلانی ایڈووکیٹ اور بیرسٹر افضل حسین پیش ہوئے۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا پبلک سیکٹر کا اہم مالیاتی ادارہ حکومت کی غفلت کی وجہ سے تین سال تک غیرفعال رہا جو تشویشناک اور گڈگورننس کے اصولوں کے خلاف ہے۔ وفاقی حکومت کی بورڈ بنانے میں تین سال کی تاخیر سے بلاشبہ درخواست گزار کے حقوق متاثر ہوئے۔ وفاقی حکومت کی اس ناکامی کے درخواست گزار اور عوام کے بنیادی آئینی حقوق پر گہرے اثرات ہیں۔ مزید سماعت یکم دسمبر کو ہو گی۔