• news

گلگت بلتستان میںووٹ پر ڈاکے کیلئے زور و شور سے کام جاری ہے: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی نے کہا ہے کہ خاتم النبیین حضرت محمد رسول اللہ  رحمت للعالمین ہیں اور آپ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے میں ہی اللہ کریم کی رضا ہے اور یہ ہمارے بہترین ذاتی، اجتماعی اور ملکی و قومی مفاد میں ہے۔ سردار الانبیائ، خاتم النبیین کے یوم ولادت پر انہوں نے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغامات میں کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہمیں اس موقع پر دنیاوی نفع و نقصان سے قطع نظر تحفظ ناموس رسالت کے عزم پر ڈٹ جانا چاہئے۔ انہوں نے ایک بار پھر مسلم امہ پر فرانس کے بائیکاٹ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ فرانس کے ساتھ تجارت میں کمی کی بجائے یہ دیکھے کہ وہاں رسول کریم کی شان میں گستاخی کی گئی اور پھر اس پر صدر فرانس بھی ڈٹ گئے۔ مسلم امہ کا عشق رسول پہ اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اسے عملی طور پر ثابت کرنا ہو گا کہ ان کیلئے ناموس رسالت سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں اور وہ اس کیلئے مال و جان تو کیا اپنی اولاد کی قربانی کیلئے بھی تیار ہیں۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ ہمیں اسلام کے امن و سلامتی کے پیغام کو انفرادی اور اجتماعی طور پر عام کرنے کی کوشش کرنی چاہئے اور دنیا بالخصوص اسلام فوبیا کے شکار لوگوں پر یہ واضح کرنا ہو گا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا سے ن لیگ کے سابق ایم پی اے سردار وقاص موکل، قصور سے آزاد امیدوار صوبائی اسمبلی رانا ممتاز اور گوجرانوالہ سے آزاد امیدوار برائے صوبائی اسمبلی چودھری نثار اقبال بٹر نے یہاں ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر خواجہ وقارالحسن اور رانا لیاقت علی خان بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گلگت بلتستان کو قانون ساز اسمبلی کا درجہ چودھری شجاعت حسین کی قیادت میں مسلم لیگ نے دیا تھا۔ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی، ڈرائی پورٹ، گورننس لاز میں تبدیلی کا اختیار اور سات ہزار کلو میٹر شاہراہیں تعمیر کرنے کا کریڈٹ پاکستان مسلم لیگ کو جاتا ہے جبکہ دیگر سیاسی پارٹیوں نے گلگت بلتستان پر حکومت تو کی لیکن صوبے کیلئے کچھ نہیں کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ محروم طبقہ کی آواز کو بلند کیا ہے۔ عوام کی ترجمانی ہی ہماری سیاست کا محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے کیلئے زور و  شور سے کام جاری ہے، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے ہمیشہ عوامی مفادات کا مذاق اڑایا ہے۔ گلگت بلتستان کی عوام سوچ سمجھ کر اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں اور ووٹ کا حق استعمال کرے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ملک کیلئے دی گئی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں۔ لہٰذا ان کو دوسرے صوبوں کے برابر حقوق ملنے چاہئیں۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) عوام کی ترجمان جماعت ہے جو عوامی مسائل کو حل کرنا عوام کی خدمت سمجھتی ہے، ہم کبھی کسی کو تنہا نہیں چھوڑتے۔ سردار وقاص موکل، رانا ممتاز اور نثار اقبال بٹر نے کہا کہ ہم چودھری پرویزالٰہی کے ویژن سے متاثر ہو کر(ق)  لیگ میں عوامی خدمت کیلئے شامل ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن