• news

ایاز صادق کا بیان افسوسناک، ناموس رسالت مصطفے پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا: طاہر اشرفی

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) ناموس مصطفیؐ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کیلئے ہر ممکن کردار ادا کر رہے ہیں۔ سیاسی مخالفت میں افواج پاکستان، سلامتی کے اداروں اور قومی غیرت و حمیت کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔ سیاسی و مذہبی قائدین ملکی دفاع ، سلامتی و استحکام کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف متحد ہوں۔ پاکستانی قوم اور فوج کی صلاحیتوں کو دشمن جانتا ہے۔ ایاز صادق محترم ہیں لیکن ان کا بیان افسوسناک ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء  کونسل و معاون خصوصی وزیر اعظم برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے فیصل آباد میں علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مولانا محمد رفیق جامی، مولانا عبید اللہ گورمانی، علامہ طاہر الحسن، مولانا عصمت اللہ معاویہ، مولانا حق نواز خالد، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا حبیب الرحمن عابد، مولانا امین الحق اشرفی ، مولانا اظہار الحق خالد، حمزہ طاہر الحسن ، مولانا محمد وقاص بیگ ، مولانا یاسر علوی ، مولانا شعیب بخاری ، مولانا حفیظ اللہ فاروقی ، قاری جاوید، قاری کلیم اللہ نجم ، قاری زکریا خالداور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ناموس مصطفیٰ کے معاملہ پر پاکستان کا کردار واضح اور روشن ہے۔ ہم امت مسلمہ کو متحد ہو کر اجتماعی موقف اپنانے کی دعوت دے رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کا تمام اسلامی سربراہان کو خط امت کی وحدت اور اتحاد کی طرف پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سے ناموس رسالت  ، انبیاعلیہ الصلوٰتہ السلام ، آسمانی مذاہب اور کتب کی ناموس کا قانون بنوانے کیلئے ہر سطح پر رابطے کیے جا رہے ہیں۔آئندہ ہفتہ میں وفاقی وزیر خارجہ اور وہ اسلامی ممالک اور یورپی یونین کے سفراء سے بھی ملاقاتیں کر کے اپنے موقف کی تائید لیں گے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 12 ربیع الاول سے ہفتہ عشق رسول منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پْرامن احتجاج کا خیر مقدم کرتے ہیںلیکن گھیرائو ، جلائوکی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پاکستان میں اقلیتیں مکمل محفوظ ہیں، کسی گروہ ، جتھہ یا جماعت کو ان پر حملہ آور نہیں ہونے دیں گے۔ آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ سیاسی مقاصد کیلئے وطن کے دفاع او ر سلامتی پر حملہ آور ہونا درست نہیں ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے دشمن پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو جانتے ہیں ، سابق اسپیکر ایاز صادق کا ہندوستانی پائلٹ کے حوالہ سے بیان افسوسناک ہے ، گذشتہ فروری میں پاکستان نے ہندوستان پر واضح کیا تھا کہ پاکستان کا دفاع کتنا مضبوط ہے ، ہمیں اپنی افواج اور سلامتی کے اداروں پر فخر ہے۔پاکستان کی افواج اپنے وطن کے زرہ زرہ کی حفاظت کر سکتی  ہیں ، پاکستان کی قوم اور فوج ایک ہے۔ ہندوستان ملک میں فرقہ وارانہ تشدد اور قوم اور فوج میں تقسیم چاہتا ہے اور بعض عناصر دانستہ یا نادانستہ طور پر اس طرح کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں سے نہ حکومتیں گرتی ہیں نہ گرائی جا سکتی ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن