خطے میں جنگ کرونا سے زیادہ خطرناک، طاقتور ممالک بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکیں: سردار مسعود
لاہور(خصوصی نامہ نگار) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود احمد خان نے کہا ہے کہ اگر بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ ہوئی تو پھر اس خطہ میں کچھ نہیں باقی بچے گا اور جنگ کے اثرات جنوبی ایشیا سے باہر کی دنیا کیلئے یکساں منفی اور تباہ کن ہوں گے۔ اس لئے ہم بار بار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دنیا کے طاقتور ممالک سے کہتے ہیں کہ وہ بغیر وقت ضائع کیے مداخلت کر کے بھارت کے ہاتھ روکیں۔ کشمیریوں میں نسل کشی بند کرائیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی نگرانی میں رائے شماری کرائیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے زیر اہتمام راوی روڈ پر ہونیوالی کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدارت ساجد میر نے کی جبکہ کانفرنس سے مولانا عبدالرشید حجازی، مولانا عتیق الرحمن شاہ، ڈاکٹر ریاض یزدانی، حافظ معتصم الہی ظہیر، حافظ بابر فاروق رحیمی، حاجی نواز مغل، حافظ یونس آزاد، شوکت ضیاء اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ سردار مسعود احمد خان نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا۔ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے۔ ہندوستان خطے میں صرف پاکستان سے ڈرتا ہے۔ کراچی سے قراقرم تک سب پاکستانی کشمیر کو پاکستان کا عملی طور پر حصہ دیکھنا چاہتے ہیں۔ امت مسلمہ کو کشمیر کا مسئلہ بین الاقوامی سطح پر اٹھانا ہو گا۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ فرانسیسی صدر کی ہرزہ سرائی نے مسلم امہ کو متحد کیا۔ فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔