رافیل ہو یا کچھ اور، بھارت ہمارے فوجی جوانوں کا مقابلہ نہیں کر سکتا: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بیانیہ کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ہماری پاک افواج کے نام سے کانپتا ہے۔ فروری 2019ء میں ہمارے جوانوں نے بھارت کے دو لڑاکا طیارے مار گرائے تھے جس پر مودی نے دلبراداشتہ ہو کر کہا تھا کہ ہمارے پاس رافیل ہوتے تو ہم پاکستان کو جواب دیتے۔ رافیل ہو یا کچھ اور، بھارت جذبہ قربانی سے سرشار جوانوں کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر پیپلزپارٹی کے ملتان سے سابق ایم پی اے رائے منصب علی خان، رائے عارف، چودھری لیاقت جٹ، چودھری صادق اور سابق آزاد ضلع چیئرمین پاکپتن اسلم سکھیرا اور احمد اقتدار کی پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سیاستدانوں سمیت کسی کو بھی ملک کی حفاظت کرنے والی پاک فوج کے خلاف بات کرنا زیب نہیں دیتا۔ ملک کی حفاظت کیلئے فوج کے جوانوں نے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈالی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ ملک و قوم کو دنیا میں تنہا کرنے والا ہے۔ اس پر ن لیگ کے کچھ لوگ کام کر رہے ہیں۔ رائے منصب علی خان اور اسلم سکھیرا نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی کا ویژن وطن کی محبت سے منسوب ہے۔ اس ویژن کو ملک کے ہر حصے میں پھیلانے کا عزم لے کر پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔