ترکی ہولناک زلزلہ، سونامی، درجنون عمارتیں منہدم، 27 جابحق، 800 زخمی: ترک عوام کیساتھ ہیں: صدر، وزیراعظم
انقرہ‘ اسلام آباد‘ملتان (نمائندہ خصوصی‘ سپیشل رپورٹ‘ نمائندہ نوائے وقت) ترکی میں ہولناک زلزلے کے باعث 27 افراد چل بسے جبکہ 800 سے زائد زخمی ہو گئے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ درجنوںعمارتیں منہدم ہو گئیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق زلزلہ ترک شہر ازمیر کے گردو نواح میں آیا جس کی شدت امریکی ریکٹر سکیل کے مطابق 7.0 ریکارڈ کی گئی، زلزلہ کی گہرائی سمندر میں16.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے جھٹکے ترکی کے مغربی ساحل پر محسوس کیے گئے۔ زلزلوں کے جھٹکے یونان بلغاریہ میں بھی محسوس کئے گئے۔ ترکی اور یونان فالٹ لائن پر موجود ہیں جہاں پر اکثر اوقات زلزلے آتے رہتے ہیں۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ اب تک ملبے تلے دبے 72 افراد کو زندہ نکالا جاچکا ہے۔ یونان میں 2افراد ہلاک ہو گئے سینکڑوں زخمی ہیں۔ استنبول کے گورنر نے کہا کہ زلزلے کے جھٹکے استنبول میں بھی محسوس کیے گئے جبکہ سونامی کی وارننگ کے بعد متعدد علاقوں میں سمندر کی سطح بلند ہونے کے بعد پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔ متعدد افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے جبکہ زلزلے کے بعد ترکی اور یونان نے مشکل کی گھڑی میں ایک دوسرے کی امداد پر اتفاق کیا ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان‘ ترکی کے وزیر صحت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ٹویٹر پر لکھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان نے ترکی کے صوبے ازمیر میں شدید زلزلے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کا کہنا ہے کہ ہمیشہ کی طرح پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے ترک ہم منصب طیب اردگان کے نام پیغام میں اپنی اور پاکستانی عوام کی طرف سے زلزلے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے رنج اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے شہر ازمیر میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر تعزیت اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ ترکی کے شہر ازمیر میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ترک صدر طیب اردگان اور ترکی کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ پیغام میں کہا کہ ہم ترک قوم کے ساتھ اور اس کی معاونت کے لیے جو کچھ ہم سے بن پڑے گا کرنے کو تیار ہیں۔2005 میں پاکستان اور آزاد کشمیر میں تباہ کن زلزلے کے بعد جس انداز میں ترکی ہمارے ساتھ کھڑا ہوا، اسے ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔عمران خان نے ترک صدر طیب اردگان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کی جلد صحت یاب کی دعا کی،وزیر اعظم نیکہا پاکساتنی عوام دکھ کی اس گھڑی میں ترک عوام کیساتھ،انکے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ملتان سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور پوری پاکستانی قوم مشکل وقت میں میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہیں۔ وزیرخارجہ نے اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ازمیر میں آنیوالے شدید زلزلے اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے زلزلے کے نتیجے میں ہونیوالے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے زلزلہ زدگان کی بحالی کیلئے امدادی ٹیمیں اور فیلڈ ہسپتال بجھوانے کی پیشکش بھی کی۔ ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے امداد کی فراہمی کی پیشکش اور نیک تمنائوں کے اظہار پر اپنی قیادت کی طرف سے صدر پاکستان، وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترک حکومت زلزلہ زدگان کی بحالی کیلئے، تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سر دست ہمیں کسی مادی معاونت کی ضرورت نہیں تاہم اگر ایسی کوئی ضرورت محسوس ہوئی تو ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کی اس پیشکش کو سب سے پہلے قبول کریں گے۔ دریں اثنا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تحریک انصاف کے رہنما شیخ عاصم اعجاز کی رہاش گاہ پر پہنچ گئے اور ضلعی صدر ٹریڈ ونگ بننے پر مبارک باد دی۔