عید میلاد النبی ﷺمذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی‘ شہر شہر ریلیاں‘ درود و سلام کی محفلیں
لاہور+اسلام آباد (نامہ نگاران+خصوصی نمائندہ) ملک بھر میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ قریہ قریہ، گلی گلی اور شہر شہر سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا۔ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مساجد میں امت مسلمہ میں باہمی اتحاد و اتفاق اور ملک کی خوشحالی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور ملک بھر میں جلسے، جلوسوں اور محافل میلاد کا بھی اہتمام کیا گیا،عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر لوگوں نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا جبکہ تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا۔ سکیورٹی انتظامات کئے گئے ۔گزشتہ روز مختلف عرب ممالک میں بھی عید میلادالنبیﷺ روایتی انداز میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی تھی۔بھکر بہاولپور،جھنگ ،چنیوٹ ،اوکاڑہ ،وہاڑی ،گجرات ،سیالکوٹ،فیصل آباد، اسلام آباد و دیگر شہروں میں ریلیاں اور جلوس نکالے گئے ،پرچم کشائی کی گئی ، گھروں ک اور محلوں کو سجایا گیا،فضائیں درودو سلام سے معطر ہو گئیں۔