علیم ڈار آج ون ڈے میچز میں امپائرنگ کا عالمی ریکارڈ توڑدینگے
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کے مایہ ناز امپائر علیم ڈار آج زمبابوے کے خلاف دوسرے ون ڈے میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے کر ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیں گے۔ 52 سالہ علیم ڈار آج 210 ویں میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے جس کے ساتھ وہ زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کرنے کا سابق جنوبی افریقن امپائر روڈی کرٹزن کا ریکارڈ توڑ دیں گے جنہوں نے 1992ء سے 2010ء کے دوران 209 میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے تھے۔اس سے قبل علیم ڈار نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ اس سے قبل سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ سابق ویسٹ انڈین امپائر سٹیو بکنر کے پاس تھا جنہوں نے 128 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کی۔علیم ڈار نے انٹرنیشنل امپائرنگ کیریئر کا آغاز 2000ء میں گوجرانوالہ میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے میچ سے کیا تھا۔ لگاتار 3 سال تک آئی سی سی کے بہترین امپائرنگ کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار 46 ٹی ٹونٹی میچوں میں بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔