ٹریفک حادثات: میانوالی باپ بیٹا ڈسکہ، 2 بھائی فیصل آباد 3 افراد جاں بحق
میانوالی/ ڈسکہ/ فیصل آباد (نامہ نگاران+ نمائندہ خصوصی+ آن لائن) مختلف ٹریفک حادثات میں باپ بیٹے دو بھائی اور تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ ڈسکہ میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 2 موٹر سائیکل سوار جاں بحق، تھانہ موترہ کے علاقہ بھلیو مہار کے علی حسین اور زین اکبر ربیع الاول کے جلوس میں شامل ہونے کیلئے موٹر سائیکل پر نکلے چوک نواز شریف روڈ پر پیچھے سے آنیوالی تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی ٹکر مار دی۔ دونوں ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ میانوالی موسی والی میں عید میلادالنبیؐ کے جلوس سے واپسی پر باپ اور بیٹا ٹریکٹر ٹرالی سے گر کر وفات پا گئے۔ جیسے ہی بیٹا گرا تو باپ محمد حنیف نے بھی اس کے پیچھے چھلانگ لگا دی۔ اور اس کا سر ٹرالی کے ٹائر کے نیچے آ گیا اور وہ موقع پر فوت ہو گیا اور اس کا بیٹا ہسپتال میں پہنچ کر وفات پا گیا۔ فیصل آباد میں ٹریفک کے مختلف حادثات سے تین افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔ 188 رب نلے والا کا 45 سالہ ناصر احمد اور 47 سالہ محمد بوٹا موٹر سائیکل پر شہر کی طرف آ رہے تھے کہ کینال ایکسپریس وے واپڈا سٹی کے سامنے تیز رفتاری کے باعث مخالف سمت سے آنیوالے موٹرسائیکل سوار 25 سالہ عدیل سے ٹکرانے سے وہ قلابازی کھاتے ہوئے گر پڑے۔ سر میں چوٹ لگنے سے ناصر احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔ بھوانہ کا 45 سالہ امجد موٹرسائیکل پر جاتے ہوئے راستے میں مخالف موٹرسائیکل سے ٹکرا کر شدید زخمی ہوا۔ جسے تشویشناک حالت میں الائیڈ ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود جانبر نہ ہو سکا۔ علاوہ ازیں 461 ج ب کا 26 سالہ قیصر بھی تیزرفتاری کے باعث موٹرسائیکل سے گر کر شدید زخمی ہوگیا تھا جو ہسپتال میں طبی امداد ملنے کے باوجود دم توڑ گیا۔