سیاست کی دکان چمکانے کیلئے قومی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی قابل افسوس ہے: اسد قیصر
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سیاست کی دکان چمکانے کیلئے قومی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی انتہائی قابل افسوس ہے، ایسے عزائم سے قومی اداروں پر نہیں بلکہ یہ عناصر خود اپنے آپ کو داغ لگا رہے ہیں، پاکستانی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کے مسلح افواج کی قربانیوں کو قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ معیشت مثبت سمت میں جا رہی ہے۔ ماضی کی حکومتوں کی ناکام پالیسیوں کے باعث آج عوام کو مشکلات کاخمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔ انشاء اللہ بہت جلد اس عارضی مہنگائی کا خاتمہ ہو جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ٹوپی ضلع صوابی میں 2کروڑ 21لاکھ روپے کی لاگت سے گدون امان زئی فیڈر کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی عمرایوب بھی موجود تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ جب ہم نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو معیشت مفلوج اور خزانہ خالی ملا تھا۔ عمران خان کی بہترین پالیسیوں کی بدولت آج ملک صحیح سمت میں جارہا ہے۔