• news

ٹرمپ، جوبائیڈن کے حامی لڑ پڑے، کئی زخمی، 8 گرفتار

واشنگٹن (آئی این پی+ انٹرنیشنل ڈیسک+ نوائے وقت رپورٹ) امریکی  صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر انتخابی نتائج کی تاریخ بڑھی تو دھاندلی ہو گی۔  انتخابی  نتائج کی تاریخ بڑھانا مایوس کن اور سیاسی فیصلہ ہوگا۔  جب وقت تھا تو لوگوں نے اپنا ووٹ کیوں نہیں ڈالا۔ امریکی صدر نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نتائج کے لئے تاریخ بڑھا دیں تاکہ اور لوگ بھی ووٹ ڈال لیں۔ آپ خوش قسمت ہیں کہ میں آپ کا صدر ہوں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ انتخابی نتائج کو التوا کر سکتی ہے اور اگر سپریم کورٹ  نے نئی تاریخ کا اعلان کیا تو 3 نومبر سے نئی تاریخ کے درمیان دھاندلی ہوگی۔ جوبائیڈن نے کہا ہے کہ وہ حتمی نتیجے کو قبول کریں گے بشرطیکہ ہر ووٹ گنا جائے۔ ڈیموکریٹکس امیدوار جوبائیڈن نے اپنے ریپبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو  پھر روسی صدر کا کتا قرار دیدیا۔ مشی گن میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ عوام کو بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے سے نہیں روک سکتے۔ عوام جمہوریت واپس لیکر رہیں گے، ٹرمپ کو بوریا بستر گول کر کے گھر جانا ہو گا۔ کرونا اس وقت جائے گا جب ٹرمپ گھر جائیں گے۔  ایک مسلمان بچی سے بات کرتے کہا لوگوں کو جدا کرنے کا خیال انتہائی بے تکا ہے  وعدہ  کیا  بطور صدر اسلام کیساتھ  تمام مذاہب کی طرح مساوی سلوک کریں گے ،ہم کو جدا کرنے کے دعویدار جھوٹے ہیں،امریکا کے صدر ٹرمپ اقوام متحدہ اور نیٹو کا بھی مذاق اڑاتے ہیں۔ ریلی کے شرکا سے سابق امریکی صدر بارک اوباما نے بھی خطاب کیا اور ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ صدارت کو بھی ریئلٹی شو کی طرح چلا رہے ہیں۔ ٹرمپ کے اقدامات کا خمیازہ کرونا سے ہلاکتوں کی صورت میں عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ ٹرمپ کو دکھ ہے کہ ٹی وی اور عوام کرونا کرونا کر رہے ہیں۔ ٹرمپ ڈاکٹروں پر بھی الزام لگا رہے ہیں کہ وہ کرونا کی وجہ سے ڈالر بنا رہے ہیں۔ بارک اوباما کا کہنا تھا کہ ہربرٹ ہوور کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ پہلے صدر ہوں گے جن کی نوکری جائے گی۔ امریکا کے صدارتی انتخابات کی تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکشن سے قبل ریکارڈ ارلی ووٹنگ ہوئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 2016 کے کل ٹرن آؤٹ کے 65 فیصد سے زائد ووٹرز نے الیکشن سے 3 دن پہلے تک ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔3 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل اب تک9 کروڑسے زائد امریکی اپنا ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں۔ خیال رہے کہ 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جب کہ عوامی جائزہ پولز میں ڈونلڈ ٹرمپ اپنے حریف جو بائیڈن سے پیچھے ہیں۔ صدارتی امیدواروں کی الزامات کی بوچھاڑ جاری ہے اور نازیبا زبان کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کو دلدل کے کیڑے کہہ دیا اور کہا کہ انتخابات میں واشنگٹن کو ان سے صاف کرنا ہوگا۔ دریں اثناء امریکہ میں الیکشن کے موقع  پر کارکنوں میں جھگڑے جاری ہیں۔ ٹرمپ اور جوبائیڈن کے حامیوں کا ایک  دوسرے پر دھاوا  بولنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹرمپ کے حامیوں کی ریلی پر مخالفین نے حملہ کر دیا جس سے کئی  افراد زخمی ہوگئے۔ ٹرمپ کے حامی اور مخالفین لڑ پڑے،کیلیفورنیا میں سیاہ فاموں کی ریلی کے شرکا سے سامنا ہو گیامایک دوسرے کے خلاف نعرے لگائے،ڈنڈوں،لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا پولیس  کے سائرن بجنے پر مخالفین فرار  ہوگئے۔ نارتھ کیرولینا میں آٹھ افراد کو گرفتار کر لیاگیا‘ پولیس نے دھاوا بول دیا اور مرچوں کا سپرے  کیا۔یہاں بھی سیاہ فاموں سے انتیازی سلوک کے خلاف ریلی نکالی جا رہی تھی، ادھر ناسا کی خلا باز کیٹ روبنز نے خلا سے ووٹ کاسٹ کرتے کہا یہ اعزاز کی بات ہے،22اکتوبر کو انہوں نے ووٹ کاسٹ کیا تھا،ریپبلکن پارٹی سینٹ میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے کے کئے کوشاں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن