1600 والا لالی پوپ پاس رکھیں‘ گندم کی امدادی قیمت 2 ہزار کی جائے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سینیٹر کامل علی آغا سے نارروال سے ن لیگ کے پارٹی عہدیداروں اور سابق تحصیل ناظم شکرگڑھ چودھری محمد احمد سنگھراں اور تحریک لبیک کے امیدوار صوبائی اسمبلی ناصر چوہان نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت (ق) لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر افضال ورک، رانا استخار، ناصر اقبال خان، ملک شکیل اعوان ایڈووکیٹ، یونس ملک، محمد شہزاد ایڈووکیٹ، سلمان قریشی ایڈووکیٹ اور مخدوم نسیم ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ یوکرائن کا کسان تو خوشحال ہو اور ہمارے کسان بے حال، قیمت 2 ہزار فی چالیس کلو ہی سب سے زیادہ ضروری ہے۔سندھ حکومت کے عمل کرنے اور نیشنل اسمبلی کے جن ممبران نے گندم کی امدادی قیمت 2ہزار مقرر کرنے کی آواز اٹھائی ان کا شکریہ۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ1600 والا لالی پوپ اپنے پاس رکھیں کسی اور کام آئے گا اس وقت گندم کی مارکیٹ میں قیمت 24 سو روپے فی چالیس کلو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال کسان تو خوشحال پاکستان۔ اگر پاکستان کا کسان خوشحال نہیں تو ملک کی اکانومی پر برا اثر پڑے گا۔ دنیا کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اپنے کسانوں کو مراعات دینا ہونگی۔ چودھری محمود سنگھراں اور ناصر چوہان نے ساتھیوں سمیت پارٹی میں شمولیت کے بعد کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کا وژن سب سے پہلے پاکستان میں ہی سب کی فلاح ہے، اسی مشن کو لے کر آگے بڑھنا ہماری ترجیح ہے۔