• news

افسوس گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کیلئے الیکشن کا موقع  استعمال کیا گیا: فاروق حیدر

 اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کے اعلان پر  کہا ہے  کہ افسوس ہے گلگت کو صوبہ بنانے کیلئے الیکشن کا موقع استعمال کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان کو اس چیز سے مبرا ہونا چاہیے تھا۔ صوبہ بننے کے بعد گلگت بلتستان کے لوگوں کو ٹیکس دینا ہوگا، اب یہ آزادی ختم ہوگی، ایک ہاتھ سے لیں گے تو دوسرے سے دیں گے۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے انہوں  نے کہا  کہ  گلگت بلتستان کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، گلگت بلتستان کے لوگوں نے بے سروسامانی کے عالم میں جنگ لڑی۔ گلگت کی حیثیت بدلنے پر ایک وزیر نے کہا ہندوستان میں صف ماتم بچھ گئی، تو کیا مودی گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے غمزدہ ہوگا؟۔ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا سیاسی نہیں سکیورٹی ایشو ہے اور کشمیر علاقائی تنازعہ نہیں، رائے شماری کا معاملہ ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے وزیر خارجہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے گزشتہ سال 5 اگست کو ماسٹر سٹروک کھیلا، کیا وزیرخارجہ کا کام ایسی تقریریں کرنا ہے جیسی وہ قومی اسمبلی میں کرتے ہیں؟۔ وزیرخارجہ میری لیڈرشپ کو چور چورکہتا ہے۔ کوئی اس کے ساتھ کیوں بیٹھے؟ یہ ملک جاہلوں کے ہتھے چڑھ گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن