ذخیرہ اندوزوں کیخلاف ایکشن متعدد گرفتار‘گوجر خان سے 800 بوری چینی پکڑی گئی
اسلام آباد (نیٹ نیوز) ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی۔ ٹائیگر فورس کی نشاندہی پر سول انتظامیہ کے مسلسل چھاپے جاری ہیں، متعدد افراد کو گرفتار کر کے ذخیرہ شدہ سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔ موٹروے ریسٹ ایریاز میں مسافروں سے ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد گرفتار کر لئے گئے جبکہ زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے پر سروس ایریا سیل، 40 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ انتظامیہ نے گوجرخان میں چینی کے خفیہ گودام پر چھاپہ مارا گیا جس میں800 سے زائد بوریوں پر مشتمل چینی کا سٹاک تحویل میں لے لیا گیا۔ سٹاک کی مالیت 40 لاکھ روپے ہے، مہنگے داموں فروخت کرنے کا منصوبہ تھا۔ قبضے میں لی گئی چینی سستے سہولت بازاروں کو فراہم کر دی جائیگی۔