ٹانگیں ان کی کانپ رہی ہیں جو جعلی سرٹیفکیٹ دکھا کر باہر فرار ہوگئے: مراد سعید
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) وفاقی وزیر مواصلات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے مسلم لیگ (ن) پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے بھارتی لابی سے میٹنگ کی جس میں دو نکاتی ایجنڈا تھا کہ پاکستان کے انصاف کے اداروں اور دفاعی اداروں کو نشانہ بنانا اور عدالتوں سے مجرم قرار دیے جانے والے سیاسی رہنماؤں کا جمہوریت کے علمبردار کے طور پر پیش کرنا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ گزشتہ اتوار کو پریس کانفرنس میں بھارت کا گریٹر گیم پیش کیا تھا لیکن اب تک ان کی طرف سے کوئی تردید نہیں آئی۔ علاوہ ازیں مراد سعید نے بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن سمیت دیگر بھارتی تجزیہ کاروں کی ویڈیوز بھی نشر کیں جس میں پاکستان اور پاکستانی اداروں سے متعلق گفتگو کی گئی تھی۔ مراد سعید نے کہا کہ پوزیشن کی خواہش این آر او اور دشمن کا ملک میں عدم استحکام ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق کے حالیہ متنازع بیان کے حوالے سے کہا کہ پارلیمنٹ میں دیئے گئے بیان پر کوئی معافی نہیں مانگی گئی۔ پارلیمنٹ میں جو بیان دیا گیا اس پر کوئی شرمندگی اور ندامت نہیں ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ 27 فروری صرف افواج پاکستان اور ایک پارٹی کی جیت نہیں بلکہ پاکستان کے ہر بچے، نوجوان اور بزرگ کی جیت تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ 27 فروری کو بھارت کے غرور کو ابھی بندن کی صورت میں آسمان سے گرتا دیکھا۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ ہم غداری کے فتوے نہیں بانٹ رہے لیکن چند لوگ اپنی ذات کو ملک پر ترجیح دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مراد سعید نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا جس قدر آزاد ہے اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) میں ریفرنسز فائل ہیں اور ملزم کا عدالت کے احاطے میں کھڑے ہوکر وکٹری کا سائن ظاہر کرتا ہے اور اس کی لائیو کوریج ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت کی جانب سے صادق و امین کے درجے سے محروم شخص سڑک سڑک نکلتا ہے اور کہتا ہے کہ مجھے کیوں نکالا، اس کی بھی لائیو کوریج ملتی ہے۔ مراد سعید نے لندن میں زیر علاج مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے متعلق کہا کہ حکومت پاکستان نے برطانوی حکام سے نواز شریف کی واپسی کے لیے رابطہ کرلیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹانگین ان کی کانپ رہی ہیں جو جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ دکھا کر بیرون ملک روانہ ہوئے اور اب واپس بلایا جارہا ہے لیکن وہ آنے پر آمادہ نہیں ہیں۔ مراد سعید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا عبوری صوبے سے متعلق دیرینہ مطالبہ رہا ہے جس پر وفاقی حکومت کام کرچکی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کے درینہ مطالبے کو حتمی شکل دیں گے اور اس ضمن میں وزیر اعظم عمران خان نے اعلان بھی کردیا۔اسی اپوزیشن کی وجہ سے پاکستان گرے لسٹ میں گیا۔ یہ لوگ فیٹف قانون سازی کی آڑ میں این آر او مانگ رہے تھے۔ باڑ لگانے سے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں کم ہوئیں، پاکستان میں امن آیا اور دشمن کے عزائم ناکام بنا دیئے گئے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں نواز شریف سے سوالات کئے کارگل جنگ میں کس کا خوف تھا؟ کہ آپ نے پیچھے ہٹنے کا کہا۔ کلبھوشن کیس پر کیوں خاموش رہے اور کس کو فائدہ پہنچایا؟ مودی کی حلف برداری تقریب میں کس کے ڈر سے حریت رہنمائوں سے ملاقات نہیں کی؟ مراد سعید نے مسلم لیگ (ن) پر کڑی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے بھارتی لابی سے میٹنگ کی جس میں دو نکاتی ایجنڈا تھا پاکستان کے انصاف کے اداروں اور دفاعی اداروں کو نشانہ بنانا اور عدالتوں سے مجرم قرار دیے جانے والے سیاسی رہنماؤں کا جمہوریت کے علمبردار کے طور پر پیش کرنا۔ مراد سعید نے کہا کہ 27 فروری صرف افواج پاکستان اور ایک پارٹی کی جیت نہیں بلکہ پاکستان کے ہر بچے، نوجوان اور بزرگ کی جیت تھی۔